مسئلہ کشمیر کو جلد حل کیا جائے‘ اقوام متحدہ۔سیکرٹری خارجہ ریاض اور اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر منیر اکرم کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات‘ مسئلہ کشمیر ‘افغانستان صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال۔پاکستان اور بھارت بحالی اعتماد کے اقدامات کو آگے بڑھائیں‘ افغانستان میں امن و امان کا قیام پوری دنیا کے مفاد میں ہے ۔بان کی مون۔۔۔خودکش حملہ آوروں کی پاکستان سے افغانستان آمد کے حوالے سے متنازعہ رپورٹ عالمیا دارے کی ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی ہے

اتوار 30 ستمبر 2007 13:24

مسئلہ کشمیر کو جلد حل کیا جائے‘ اقوام متحدہ۔سیکرٹری خارجہ ریاض اور ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین30ستمبر2007) اقوام متحدہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے جلد از جلد حل کا مطالبہ کیا ہے جبکہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں امن و امان کے قیام کیلئے بحالی اعتماد کے عمل کو آگے بڑھائیں‘ افغانستان میں پر تشدد صورتحال کا خاتمہ خطے کے تمام ممالک سمیت پوری دنیا کے بہترین مفاد میں ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان کے سیکرٹری خارجہ ریاض محمد خان‘ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم اور دیگر حکام نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستانی وفد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے سامنے مسئلہ کشمیر‘ افغانستان میں پرتشدد صورتحال اور خودکش حملہ آوروں کی مبینہ طور پر پاکستان سے افغانستان میں داخلے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی متنازعہ رپورٹ کے معاملات اٹھائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون واقعات کے بعد پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں جس طرح کا ساتھ دیا وہ یقیناً ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

بان کی مون نے مزید بتایا کہ مسئلہ کشمیر کے جلد حل کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان اور بھارت دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ بحالی اعتماد کے لئے مزید اقدامات کریں۔ ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا بان کی مون نے بتایا کہ افغانستان میں امن و امان کا قیام نہ صرف خطے کے ممالک بلکہ پوری دنیا کے بہترین مفاد میں ہے انہوں نے اس موقع پر افغانستان میں امن و امان کے قیام اور تعمیر نو کے حوالے سے پاکستان کے کردار کی تعریف کی ۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ ریاض محمد خان نے بتایا کہ آدھے گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بتایا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیری رہنماوٴں کو پاک بھارت مذاکرات میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ بان کی مون کی توجہ اقوام متحدہ کی اس متنازع رپورٹ کی طرف دلائی گئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ افغانستان میں خود کش حملہ آور مبینہ طور پر پاکستان سے داخل ہو رہے ہیں ،تاہم بان کی مون نے کہا کہ رپورٹ میں پاکستان سے متعلق متنازع حصے کو اقوام متحدہ کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ملاقات میں سیکریٹری خارجہ ریاض محمد خان کے ساتھ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجودتھے۔