بے نظیر بھٹو کی 18اکتوبر کو کراچی آمد‘پاکستان کی سیاسی تاریخ کے سب سے مہنگے استقبال کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

منگل 16 اکتوبر 2007 13:13

بے نظیر بھٹو کی 18اکتوبر کو کراچی آمد‘پاکستان کی سیاسی تاریخ کے سب سے ..
ٹھٹھہ صادق آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 16اکتوبر2007) سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی کل 18اکتوبر پاکستان متوقع آمد ، پیپلز پارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کی جانب سے پاکستان کی سیاسی تاریخ کے سب سے مہنگے استقبال کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔تفصیل کے مطابق کل 18اکتوبر بروز جمعرات سابق وزیر اعظم پاکستان اور پیپلز پارٹی کی تاحیات چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو کی کراچی آمد متوقع ہے جبکہ اس سلسلے میں شایان شان استقبال کے لیے پیپلز پارٹی ،پیپلز یوتھ ونگ،بے نظیر ویلکم کمیٹی اور دیگر تنظیموں نے پاکستان کی سیاسی تاریخ کے سب سے مہنگے انتظامات کیے ہیں ۔

قابل ذکر امریہ کہ تمام پارٹی ٹکٹ امیدواروں کو کہا گیا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے استقبال کے موقع پر ” شاندار کارکردگی “ کے حامل امیدواروں کو ٹکٹ کنفرم کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

اس صورتحال پر پارٹی ٹکٹ امیدوارایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں اور پانی کی طرح پیسہ بہا رہے ہیں ۔یوں تو بے نظیر بھٹو کے استقبال کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں لیکن جنوبی پنجاب کے اکثر شہروں ،ملتان ،خانیوال جہانیاں،لودھراں،دنیا پور ،ٹھٹھہ صادق آباد میں صورتحال نہایت دلچسپ ہے کیونکہ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر مخدوم شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ جنوبی پنجاب سے ایک لاکھ فراد کو کراچی لے کر پہنچیں ۔

اگر بنظر غائر جائزہ لیا جائے تو جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں سے کراچی سو مسافروں کو لے جانے والی ایک بس 60سے 70ہزار روپے کرایہ وصول کرتے ہیں فرض کیا جائے اگر ایک قومی اسمبلی کی ٹکٹ کا امیدوار پانچ سو افراد کو لے کر کراچی جائے گا تو پانچ بسوں کا کرایہ ،پانچ سو افراد کے کھانے پینے کے اخراجات 15سے 20لاکھ روپے تک پہنچ جاتے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کو دعویٰ کہ وہ غریبوں کی پارٹی ہے تو کیا ایک غریب امیدوار قومی اسمبلی یہ سب کچھ افورڈ کر سکے گا ۔

دوسری جانب محترمہ بے نظیر بھٹو کی آمد پر سیکورٹی مسئلے اور ان کو ملنے والی دھمکیوں کے پیش نظر حفاظتی اقدامات پر کثیر رقم خرچ کی جا رہی ہے ، انتہائی تربیت یافتہ کمانڈوز کا دستہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے ہمراہ ہو گا ،جدید الیکٹرونکس آلات ،بم ناکارہ بنانے والے آلات سے لیس بم ڈسپوزل سکواڈ اور سینکڑوں ایمبولنسیں شامل ہونگی جبکہ کروڑوں روپے کے بینرز،ہورڈنگ،پوسٹر ز ،سٹیکرزاور ہینڈ بلزکے اخراجات اس کے علاوہ ہیں اور یوں یہ اخراجات کروڑوں بلکہ اربوں روپے تک جا پہنچتے ہیں لیکن اگر فرض کرلیا جائے کہ محترمہ اپنی وطن واپسی کے فیصلے پر نظر ثانی کرتی ہیں تو پھر حالات کیا ہونگے۔

متعلقہ عنوان :