دھماکوں سے تمام اعلیٰ قیادت محفوظ ہے،پی پی سیکورٹی ایڈوائزررحمن ملک

جمعرات 18 اکتوبر 2007 01:55

دھماکوں سے تمام اعلیٰ قیادت محفوظ ہے،پی پی سیکورٹی ایڈوائزررحمن ملک
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر۔2007ء)سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے سیکورٹی ایڈوائزر رحمٰن ملک نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو اے آر وائی ون ورلڈ کے کیمرہ میں عارف خان کی شہادت پر دلی افسوس ہے ۔ نجی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کا کوئی بھی شکار ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم خیریت سے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ پہلا دھماکہ ہونے پر جتنے لوگ لیٹ گئے تھے وہ بچ گئے ۔ ابھی نہیں کہا جا سکتا کہ حملہ خود کش تھا کیوں کہ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ دھماکہ پولیس موبائل میں ہوا ہے ۔ اس وقت تمام رہنما بلاول ہاؤس میں موجود اور خیریت سے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول ہاؤس میں جمع ہونے کے بعد مزید کسی اقدام کا فیصلہ کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

امین فہیم پیشانی پر کوئی چیز لگی ہے جس سے کافی خون بہا ہے ۔

اللہ نے بچا لیا ۔ اللہ کا شکر ہے کہ بے نظیر بھٹو بھی محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دھماکہ کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا جہاں سے انہیں بلاول ہاؤس پہنچا دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ دھماکہ میں کوئی اہم رہنما جاں بحق نہیں ہوا تاہم زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں نے ہوش و حواس کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرک پر سوار بعض افراد جاں بحق ہوئے ہیں ۔