سونیا گاندھی کا بینظیر بھٹو کو ٹیلی فون، کراچی بم دھماکوں کی مذمت، جانی نقصان پر افسوس کا اظہار

تشدد پسند اور منافرت پھیلانے والی قوتوں سے مل کر نمٹنا چاہئے، بھارتی حکمران جماعت کی سربراہ کی بینظیر بھٹو کو ٹیلی فون کے دوران گفتگو

ہفتہ 20 اکتوبر 2007 17:44

سونیا گاندھی کا بینظیر بھٹو کو ٹیلی فون، کراچی بم دھماکوں کی مذمت، ..
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20اکتوبر2007) بھارت کی حکمران جماعت کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کو ٹیلی فون کیا ہے جس دوران انہوں نے کراچی میں 18 اکتوبر کو ان کے استقبال کے جلوس پر ہونیوالے بم دھماکوں کی مذمت اور انسانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ تمام ممالک کا فرض ہے کہ منافرت پھیلاندے اور تشدد پسند قوتوں کے خلاف مل کر کام کریں اور باہمی تشویش کے مقصد کے تحت ان سے نمٹا جائے۔

اے آئی سی سی کے محکمہ اطلاعات کے چیئر مین ایم ویرا یا موئیلی کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے ہفتے کے روز پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کو ٹیلی فون کیا جس دوران انہوں نے کراچی میں 18 اکتوبر کو ان کے استقبالی قافلے پر ہونے والے حملوں پر صدمے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تشدد اور منافرت سے متحد ہو کر نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران سونیا گاندھی نے بم دھماکوں میں بڑے پیمانے پر ہونیوالے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار اور زخمیوں سے اظہار ہمدری کیا۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ بینظیر بھٹو اور ان کے خاندان کے افراد ان دھماکوں میں معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ انہوں نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران بینظیر بھٹو اور ان کے خاندان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ انہوں نے دھماکے میں زخمی ہوننیوالوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تشدد پسند اور دہشت گرد قوتیں جمہوریت اور مہذب معاشرے کیلئے بہت بڑا خطرہ ہیں۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ تمام ممالک کا یہ فرض ہے کہ وہ عدم استحکام پھیلانے والی قوتوں کیخلاف مل کر کام کریں اور باہمی تشویش کے مقصد کیساتھ منافرت اور تشدد کو ختم کیا جائے۔