بے نظیر بھٹوکاجناح اسپتال کا دورہ ، بم دھماکوں‌ میں‌ زخمی افراد کی عیادت۔۔ اٹھارہ اکتوبر کو مجھ پر حملہ پولیٹیکل فورسز کو عوام سے رابطہ کرنے سے روکنے کی کوشش ہے۔ شاہراہ فیصل پرتخریب کاری کی نیت سے اسٹریٹ لائٹس بند کی گئیں جس کے باعث خودکش گاڑی کو نہیں دیکھ سکے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو

اتوار 21 اکتوبر 2007 14:28

محترمہ بے نظیر بھٹو اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کر رہی ہیں۔
محترمہ بے نظیر بھٹو اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کر رہی ہیں۔
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21اکتوبر2007) پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو نے کہا ہے کہ اٹھارہ اکتوبر کو مجھ پر حملہ پولیٹیکل فورسز کو عوام سے رابطہ کرنے سے روکنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صرف مجھے نہیں تمام سیاسی رہنماؤں کو سکیورٹی ملنی چاہئے خاص طور پرجو لوگ اپوزیشن میں ہیں۔ جناح اسپتال کراچی میں بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے موقع پر محترمہ بے نظیر بھٹو نے کہا کہ شاہراہ فیصل پرتخریب کاری کی نیت سے اسٹریٹ لائٹس بند کی گئیں جس کے باعث خودکش گاڑی کو نہیں دیکھ سکتے تھے اگر ہم دیکھ لیتے تو کوئی خودکش ہمارے نزدیک نہیں آسکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کی تحقیقات کرائی جائے۔محترمہ بے نظیر بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں ہمارا ایک مشن ہے کہ ایک جمہوری عوامی پاکستان قائم کریں جس میں غریب لوگوں کو روٹی، کپڑا اور مکان مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جو آمریت انیس سو اٹھاسی میں تھی اس وقت سے لیکر یہ کوشش کی جارہی ہے کہ عوام کے حقوق کو چھینا جائے مگر موت اور زندگی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، ہمارا مشن جاری ہے، سچ کے راستے پر چل رہے ہیں اور ہمارے کارکنوں کا حوصلہ بہت بڑھا ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ ہماری عوامی اور پولیس کی سکیورٹی سو فیصد تھی۔ انہوں نے قانون کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر درج کرائی ہے مگر یہ چیزیں اہم نہیں ہیں،اہم ہے پاکستان کا مستقبل۔ا نہوں نے کہاکہ ملک میں ہر شہری کو تحفظ ملنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ جو ان پر حملہ ہوا ہے وہ تمام پولیٹیکل فورسز پر حملہ تھا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انتہا پسند وں کی سیاست غلط ہے یہ اسلام کی خدمت نہیں کررہے ہیں۔

انشاء اللہ ملک میں بہت جلد عوامی راج لیکر آئیں گے۔پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن نے اپنے دورے کے دوران پیپلز پارٹی کے زخمی کارکنوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے اس موقع پر بے نظیر بھٹو کے حق میں نعرے لگائے، بے نظیر بھٹو تمام سکیورٹی خدشات سے ہٹ کر جناح اسپتال کے باہر جمع ہونیوالے کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا اور وہاں موجود کیمپ کا دورہ کیا۔ جناح اسپتال کے دورے کے موقع پر بے نظیر بھٹو نے ایک زخمی کارکن کی والدہ کو اپنے گلے سے لگایا اور انہیں تسلیاں دیں۔

متعلقہ عنوان :