قومی اتحاد کے فروغ کیلئے ذرائع ابلاغ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، سپیکر قومی اسمبلی،سانحہ کراچی نہایت افسوسناک ہے، پوری قوم اس دکھ میں برابر کی شریک ہے، چوہدری امیر حسین کا سیالکوٹ میں سوئی گیس سپلائی کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 22 اکتوبر 2007 14:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر۔2007ء) قومی اسمبلی کے سپیکر چوہدری امیر حسین نے کہا ہے کہ قوم کو درپیش چیلنجوں کا حل تلاش کرنے نفرتوں کو ختم کرنے اور قومی اتحاد کو فروغ دینے کے لئے سیاسی مذہبی رہنماؤں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کراچی میں دہشت گردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے پوری قوم اس دکھ میں برابر کی شریک ہے ان خیالات کا اظہار سپیکر قومی اسمبلی چوہدری امیر حسین نے سیالکوٹ کے نواحی گاؤں صدرا بدراں میں سوئی گیس پائپ لائن منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنما اتحاد اور یگانگت کی علامت ہوتے ہیں ان کو اپنے قول و فعل سے یہ بات ثابت کرنی چاہئے کیونکہ یہ عوام کے حقیقی نمائندے ہیں اور ان پر قومی یکجہتی کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس وقت کچھ عناصر ملک میں منافرت اور بدامنی کی فضا پیدا کررہے ہیں لیکن یہ عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں نفرت کا ایندھن بھرنا ہمارے بدترین دشمن کا ایجنڈا ہوسکتا ہے اس کو ناکام بنانے کے لئے تمام سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کو یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا میڈیا کو بھی اس سلسلے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ سانحہ کراچی ایسے وقت میں پیش آیا جب پورے ملک میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور آئندہ عام انتخابات کے لئے تیاریاں ہورہی ہیں اس واقعے نے یہ بات عیاں کردی ہے کہ جمہوریت دشمن قوتیں اس تمام عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں مگر حکومت اور عوام مل کر اس کو ناکام بنائیں گے اور عام انتخابات شیڈول کے مطابق مقررہ وقت پر ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں پورے ملک میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے مقامی سطح پر ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں تاکہ ترقیاتی منصوبے تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچیں اور ان میں مالی بے ضابطگیوں اور ناقص میٹریل کے استعمال کو بھی روکاجاسکے۔