ملک سے بیالیس روز بعد ایمرجنسی اٹھالی گئی ،، صدارتی فرمان کے مطابق ترمیم شدہ آئین بحال کردیا گیا، ترامیم کو پارلیمنٹ سے توثیق کی ضرورت نہیں ہوگی

ہفتہ 15 دسمبر 2007 13:39

ملک سے بیالیس روز بعد ایمرجنسی اٹھالی گئی ،، صدارتی فرمان کے مطابق ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 15 دسمبر 2007) صدر پرویز مشرف نے ملک میں نافذ ایمرجنسی بیالیس روز بعداٹھالی ہے ۔ اس حوالے سے جاری صدارتی فرمان میں آئین کو ترمیم شدہ حالت میں بحال کردیا گیاہے۔ فرمان کے مطابق تین نومبر اور اس کے بعد کئے گئے اقدامات کو آئین کا حصہ تصور کیا جائے گا اور انہیں ماضی کی طرح پارلیمنٹ سے توثیق کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس کے علاوہ صدر کی اہلیت سے متعلق قانون میں بھی ترمیم کی گئی ہے جس کے تحت صدر پرویز مشرف کو فوجی عہدہ چھوڑنے کے بعد دو برس کے وقفے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ جن ججوں کو تین نومبر کے بعد معزول کیا گیا تھا اور انہوں نے عبوری آئینی حکم کے تحت حلف نہیں اٹھایا تھا وہ اب آئین کی بحالی کے بعد دوبارہ حلف نہیں اٹھاسکیں گے۔

(جاری ہے)

صدارتی فرمان کے مطابق اس حکم نامے کو چیلنج نہیں کیا جاسکے گا۔

نئے ججز ترمیم شدہ آئین پر حلف اٹھائیں گے۔ ملک سے ایمرجنسی کے خاتمے کے بعد صدر پرویز مشرف آج رات قوم سے اہم خطاب کر رہے ہیں۔ صدر مملکت کا خطاب آج رات آٹھ بجے ریڈیو اور ٹی وی چینلز پر براہ راست نشرکیا جائے گا۔ سپریم کورٹ اور وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس صاحبان سمیت دیگر ججز نے ایمرجنسی کے خاتمے کے بعد انیس سو تہتر کے ترمیم شدہ آئین کے تحت حلف اٹھالیا ہے ۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی۔ صدرپرویز مشرف نے چیف جسٹس جسٹس عبدالحمید ڈوگر سے حلف لیا۔ جس کے بعد چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کے تیرہ جج صاحبان سے حلف لیا۔ ترمیم شدہ آئین کے تحت حلف اٹھانے والے ججز میں جسٹس محمد نواز عباسی، جسٹس فقیر محمد کھوکھر ، جسٹس ایم جاوید بٹر، جسٹس سید سعید اشہد، جسٹس اعجاز الحسن، جسٹس محمد قائم جان، جسٹس محمد موسٰی کے لغاری، جسٹس اعجاز یوسف، جسٹس اختر شبیر ، جسٹس ضیاء پرویز، جسٹس میاں حامد فاروقی ، جسٹس سید سخی حسین بخاری اور جسٹس زوار حسین جعفری شامل ہیں۔

صدر پرویز مشرف نے وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس ۔جسٹس حاذق الخیری سے بھی حلف لیا۔ تقریب کے آخری مرحلے میں وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس نے جج صاحبان جسٹس علامہ ڈاکٹر فدا محمد خان ، جسٹس محمد ظفر یاسین اور جسٹس صلاح الدین مرزا سے حلف لیا۔ جبکہ ایمرجنسی ہٹانے کے بعد سندھ ہائیکورٹ،لاہور ہائیکورٹ کے 27،پشاور ہائیکورٹ کے12جبکہ کوئٹہ ہائیکورٹ کے 4ججز صاحبان تہتر کے آئین کے تحت حلف اُٹھا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :