وزارت صحت نےملک میں برڈفلو سےمتاثرہ افرادکی تصدیق کردی

ہفتہ 15 دسمبر 2007 17:16

وزارت صحت نےملک میں برڈفلو سےمتاثرہ افرادکی تصدیق کردی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر۔2007ء) وزارت صحت نے ملک میں برڈ فلو وائرس سے انسانوں کے متاثر ہونے کی تصدیق کر دی ہے اسلام آباد میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق برڈ فلو کے وائرس سے متاثر ہونے کے شک میں ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے اضلاع سے چند افراد کے خون کے نمونے ٹیسٹ کیلئے نیشنل انسٹیوٹ آف ہیلتھ منگوائے تھے ۔

جن میں سے چھ افراد میں برڈ فلو وائرس ایچ فائیو این ون کی تصدیق ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

ان میں سے ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد علاج کے بعد صحت یاب ہوگئے ہیں جبکہ مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی اس وائرس کے باعث موت واقع ہوئی ہے ۔وزارت کے مطابق مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے اس شخص کے بھائی کی موت بھی واقع ہوئی تھی تاہم اسکے ٹیسٹ نہیں کئے جاسکے ۔اس کے علاوہ وزارت صحت کے حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ ملک میں برڈ فلو سے بچاوٴ کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور اسکے لئے ہسپتالوں میں خصوصی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔جبکہ اس حوالے سے وزارت خوراک و لائیو سٹاک،ڈبلیو ایچ او،یونیسف اور سرحد حکومت سے بھی مکمل رابط میں ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے ۔