ٹرین حادثہ‘ 38 لاشوں اور 150 زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔آئی ایس پی آر۔۔۔ حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے تحقیقات میں ہر پہلو کو دیکھا جائے گا‘وفاقی وزیر ریلوے

بدھ 19 دسمبر 2007 15:47

نوشہرو فیروز(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 19. دسمبر2007 ) آئی ایس پی آر کے مطابق نوشہرو فیروز ٹرین حادثے میں 38 لاشیں اور 150 زخمیوں کو جائے حادثہ سے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ نگران وفاقی وزیر ریلوے منصور طارق نے 40 کے قریب ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے- حادثے کے بعد پنوں عاقل چھاؤنی میں تعینات پاک فوج کے جوان رینجرز اور رضا کاروں کی بڑی تعداد امدادی سرگرمیوں کیلئے جائے حادثہ پر پہنچ گئی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کیلئے پاک فوج نے میڈیکل کیمپ قائم کر دیا جس کے بعد زخمیوں کو مزید دیکھ بھال کیلئے قریبی ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا-23 افراد کی لاشیں محراب پور ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو محراب پور نوشہروفیروز‘کنڈیارو‘ خیرپور اور نواب شاہ کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے نگران وزیر ریلوے منصور طارق نے حادثے پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے 40 کے قریب ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ زخمیوں کی مدد کیلئے خصوصی امدادی ٹرینیں پہنچائی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ واقعہ رات اڑھائی بجے پیش آیا وزارت ریلوے کو فوری اطلاع مل گئی تھی اور ہم نے تمام مشینری کو الرٹ کر دیا انہوں نے کہا کہ شدید زخمی افراد کو لاہور کے ہسپتالوں میں پہنچانے کیلئے ٹرانسپورٹ کا بندوبست بھی کیا ہے پاک فوج رینجرز اور رضا کار ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ واقعہ کی اطلاع کے بعد وہ اسلام آباد سے بذریعہ جہاز سکھر پہنچے اور وہاں سے جائے حادثہ پر پہنچے منصور طارق نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ابھی اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے تحقیقات میں ہر پہلو کو دیکھا جائے گا-بعض عینی شاہدین کے مطابق کراچی ایکسپریس کے جائے حادثہ پر پٹڑی اکھڑی ہوئی تھی اس سے حادثے میں تخریب کاری کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ایک نجی ٹی وی کے مطابق جائے حادثہ پر ٹرین کی پٹڑی کا 6 فٹ حصہ اکھڑا ہوا تھا محراب پور ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے 15 افراد کی شناخت ہو گئی ہے جن میں عمران‘فوزیہ‘ محمد اسلم‘ محمد یوسف‘ مظفر‘ نسرین‘ فیاض حسین‘ چوہدری احمد‘ نشان خان‘ محمد ارشد‘ اسلام الدین‘ شمعون مسیح‘ شاہ خان‘ فیصل عباس اور چار سالہ بچی عائشہ شامل ہیں-