پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو خودکش حملہ کے نتیجے میں جاں بحق،(اناللہ واناالیہ راجعون)۔۔۔ صدر پرویز مشرف نے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ۔ قومی پرچم سرنگوں رہےگا۔ (اپ ڈیٹ 2)

جمعرات 27 دسمبر 2007 21:38

پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 27. دسمبر2007 ) پاکستان پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن اور دنیا کی دوسری بڑی اسلامی ریاست اسلامی جمہوریہ پاکستان کی دو مرتبہ وزیراعظم بننے کا اعزاز حاصل کرنیوالی عالمی شہرت یافتہ سیاستدان محترمہ بے نظیر بھٹوتاریخی لیاقت باغ کے باہر اپنے اوپر ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے کے بعد راولپنڈی جنرل ہسپتال میں تقریباً نصف گھنٹہ تک موت و حیات کی کش مکش میں رہنے کے بعد انتقال کر گئیں۔

خود کش حملے اور بعض اطلاعات کے مطابق اس سے قبل کی جانیوالی فائرنگ کے نتیجہ میں ان کی گردن اور سر پر شدید چوٹیں آئیں۔بے نظیر بھٹو لیاقت باغ میں بڑے جلسے عام سے خطاب کے بعد واپس جانے کیلئے اپنی گاڑی میں بیٹھیں تو اسی وقت ایک موٹرسائیکل سوار نے اپنا موٹر سائیکل ان کی گاڑی سے ٹکرا دیا جس سے ایک شدید دھماکہ ہوا ۔

(جاری ہے)

ماہرین کے مطابق خود کش حملہ آور کے پاس چار کلوکے قریب دھمااکہ خیز مواد تھا جس نے وہاں تباہی مچا دی اور وہاں موجود بے نظیر بھٹو کے کارکنوں کے چیتھڑے اڑ گئے ۔

دھماکے کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد افراد موقع پر ہی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔بے نظیر بھٹو کو فوری طورپر راولپنڈی جنرل ہسپتال پہنچایا گیا جہاں راولپنڈی میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر پروفیسر مصدق اور دیگر ڈاکٹروں نے انہیں فوری طبی امداد دی بعدازاں اطلاع ملی کہ ان کی گردن پر شدید چوٹیں آئی ہیں اور ان کی سانس کی نالی بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کے باعث ان کی سانس بند ہو چکی تھی ۔

اس اطلاع کے پندرہ بیس منٹ کے بعد ڈاکٹروں نے باقاعدہ طورپر محترمہ بے نظیر بھٹو کے انتقال کا اعلان کردیا۔اطلاع ملتے ہی ہسپتال میں موجود سینکڑوں کارکن دھاڑیں مار مار کر رونے لگے اور مشتعل کارکنوں نے ہسپتال کے شیشے توڑ دیئے اور مری روڈ پر بھی کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ بدازاں صدر پرویز مشرف نے بےنظیربھٹو کے المناک انتقال پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ۔

صدر پرویز نے کہا کہ ملک کو اصل خطرہ دہشتگردون سے ہے اور بے نظیر بھٹو بھی انہی دہشتگردوں کا نشانہ بنی ہیں ۔ انہوں نے اپنے مختصر تعزیتی خطاب میں بے نطیر بھٹو کے شوہر آصف علی زردار ی ، صنم بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے بچون بلاول۔بختاور اور آصفہ سے ذاتی طور پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ صدر پرویز مشرف نے دعا کی کہ اللہ بے نظیر بھٹو کو جنت میں جگہ عطا فرمائے ۔ انہون نے قوم سے مخاطب ہوتے ہوئے اپیل کی کہ ملک بھر کے عوام اس موقع پر صبر کا دامن تھامے رہیں اور مشتعل نہ ہوں ۔