پاکستان کے ایٹمی اثاثے غیر محفوظ ہیں، جن کی سلامتی کیلئے امریکا اور برطانیہ کی مشترکہ ٹیم بنائی جائے گی، ملک میں جمہوریت کو پنپنے کا موقع دیا جائے،، امریکی ریاست نیو ہمپشائر میں صدارتی نامزدگی کے حصول کی مہم کے دوران سابق خاتون اول ہیلری کلنٹن اور دیگر امیدواروں کا خطاب

اتوار 6 جنوری 2008 11:19

پاکستان کے ایٹمی اثاثے غیر محفوظ ہیں، جن کی سلامتی کیلئے امریکا اور ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جنوری۔2008ء) امریکا کے آئندہ صدارتی انتخاب کیلئے ڈیموکریٹس اور ری پبلکن امیدواروں نے پاکستان کے جوہری اثاثوں کی سلامتی پر تشویش ظاہر کی ہے کہ اور ملک میں امن و امان کی صورت حال کو غیر تسلی بخش قرار دیا ہے ۔ ریاست آئیوا کے بعد نیو ہمپشائر میں امریکا کے صدارتی انتخاب کیلئے امیدواروں نے اپنی مہم جاری رکھی ہوئی ہے جہاں منگل کو پارٹی نامزدگی کیلئے ووٹنگ ہوگی۔

ڈیموکریٹس کی جانب سے امیدواراور سابق خاتون اول ہیلری کلنٹن کاکہنا ہے کہ پاکستان کے جوہری اثاثے اس وقت محفوظ ہاتھوں میں ہیں لیکن اس بات کی ضمانت نہیں دی جاسکتی کہ یہ اثاثے کب تک محفوظ رہ سکتے ہیں۔ امریکا کے صدارتی انتخاب کیلئے پارٹی نامزدگی کے حصول کے سلسلے میں ریاست نیو ہمپشائر میں خطاب کرتے ہوئے ہیلری کلنٹن نے کہاکہ امریکا کی نئی صدر منتخب ہونے کے بعد وہ پاکستان کے جوہری اثاثوں کی سلامتی کا جائزہ لینے کیلئے امریکا اور برطانیہ کی مشترکہ ٹیم تشکیل دینے کی تجویز پیش کریں گی۔

(جاری ہے)

ان کاکہنا تھاکہ پاکستان میں اس وقت سیاسی صورت حال ابتری کی جانب بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کے جوہری اثاثوں کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے مشترکہ ٹیم کے حوالے سے اپنی تجاویز بیان کرتے ہوئے کہاکہ وائٹ ہاؤس میں بیٹھنے کے بعد وہ صدر پرویز مشرف کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کریں گی کہ جوہری اثاثوں کی حفاظت کے معاملے میں امریکا اور برطانیہ کو بھی شامل کیا جائے۔

دوسری جانب صدارتی امیدوارجان ایڈورڈز نے الزام عائد کیاکہ پاکستان میں قیادت کا فقدان اور ملک عدم استحکام کا شکار ہے اور اگر پاکستان کی باگ دوڑ انتہا پسندوں کے ہاتھوں میں چلی جاتی ہے تو پاکستان کے جوہری اثاثے غیر محفوظ ہوجائیں گے۔ ڈیموکریٹس کی جانب سے ریاست آئیوا میں نامزدگی حاصل کرنے والے براک اوباما کاکہنا ہے کہ اس مسئلے کے حل کیلئے پاکستان میں جمہوریت کو پنپنے کا موقع دیا جائے۔