ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ، بارش کے باعث ٹریفک حادثات اور مختلف واقعات میں7 افراد جاں بحق

پیر 7 جنوری 2008 14:47

ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ، بارش کے باعث ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جنوری۔2008ء) ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔ پشاور کے نواحی علاقے متنی میں کوہاٹ روڈ پر بارش کے باعث تین گاڑیوں میں تصادم سے پانچ افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے ہیں ۔ سوات،کرم ایجنسی، پارہ چنار ،تری مینگل ،وسطی کرم میں پہاڑوں پر برف باری اور بارش ہورہی ہے ۔ ایبٹ آباد ، مری ، گلیات ، نتھیاگلی، ایوبیہ، ٹھنڈیانی میں تقریبا تین فٹ برف پڑچکی ہے ۔

زلزلہ سے متاثرہ علاقوں الائی، بالاکوٹ، وادی سرن ،کاغان، ناران اور وادی نیلم میں بھی تیز بارش ہورہی ہے جہاں خیمہ بستیوں میں پانی داخل ہوگیا ہے ، متاثرہ خاندان محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اضلاع ، چمن ،زیارت ،قلات ،سبی ،تربت ،اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جبکہ پہاڑوں پر برف باری ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ تین دنوں کے دوران ستائیس ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔کوئٹہ سے پینتیس کلومیٹر دور خانوزئی میں مکان کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے ۔سندھ میں لاڑکانہ اور نواب شاہ میں ہلکی بارش ہورہی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں تیز بارشوں کا سلسلہ آج رات سے شروع ہونے والا ہے ۔

کراچی سمیت حیدرآباد ،سکھر ، میرپور خاص ،بدین میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ بارشوں کا نیا سلسلہ مغربی ایران سے شروع ہوا ہے جو مزید تین سے چار روز تک جاری رہے گا ۔بارش کے با عث ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جس سے لو گوں کو مشکلات کا سا منا ہے ۔ موسم کی خرابی کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے جبکہ بیشتر پروازوں کو بھی تاخیر سے روانہ کیا جارہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :