پیپلز پارٹی کو بھٹو کے نام سے زندہ رکھنے کا نظریہ خطرناک ہے،فاطمہ بھٹو

ہفتہ 12 جنوری 2008 12:11

پیپلز پارٹی کو بھٹو کے نام سے زندہ رکھنے کا نظریہ خطرناک ہے،فاطمہ بھٹو
کراچی(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 12. جنوری2008 ) پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی بھتیجی فاطمہ بھٹو نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت کے لئے بھٹو خاندان کا رکن ہونے کی شرط ایک تباہ کن تصور ہے، ان کی پھوپھی کی وصیت عوام کے سامنے پیش کی جائے۔برطانوی اخبار کو انٹرویو میں مرتضی بھٹو کی بیٹی فاطمہ بھٹو نے کہا کہ ان کے خیال میں یہ تصور ہی خطرناک ہے کہ پارٹی قائد کو بھٹو خاندان سے ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان اور جمہوری بنیادوں پر چلائی جانے والے جماعت دونوں کے لئے مفید نہیں ۔ فاطمہ بھٹو نے کہا کہ انہیں سیاست کو پیشے کے طور پر اختیار کرنے میں دلچسپی ہوسکتی ہے تاہم انہیں بھٹو خاندان کا خون ہونے کی حیثیت کو کیش کرانے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تصور ایک خاندانی کاروبار یا آثار قدیمہ کی دکان معلوم ہوتی ہے، جہاں دادا کے بعد بیٹا اور بیٹے کے بعد پوتے کا نام آتا ہے اور یہ سلسلہ یونہی چلتا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

فاطمہ بھٹو نے کہا کہ کارکنوں کے خیال میں بھٹو خاندان کے سوا کوئی شخص پارٹی کی قیادت نہیں کرسکتا، تاہم کارکن یہ نہیں سمجھتے کہ کسی بھی شخص جسے بھٹو کا نام دے دیا جائے ، پارٹی کو چلاسکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کے گرد موجود افراد نے ان کی حکومت میں کافی فائدے اٹھائے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ عناصر ان کی موت سے بھی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔فاطمہ بھٹو نے اپنی پھوپھی بے نظیر بھٹو کی مبینہ وصیت عوام کے سامنے پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ کسی طرح ملک کی خدمت کرنے کے قابل ہوئیں تو وہ سیاست میں آنے سے انکار نہیں کریں گی، تاہم وہ کسی کے لئے علامت بننے کو تیار نہیں۔

متعلقہ عنوان :