جدید لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی تیاری شروع۔ضرورت پڑنے پر طیارہ غیر روایتی ہتھیار بھی لے جا سکتا ہے‘ ائرچیف

منگل 22 جنوری 2008 16:58

جدید لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی تیاری شروع۔ضرورت پڑنے پر ..
کامرہ (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 22. جنوری2008 ) جدید لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر کے پرزوں کی پاکستان میں تیاری شروع ہو گئی ہے اس سلسلے میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں خصوصی تقریب ہوئی- پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل تنویر محمود احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے تعاون سے جے ایف 17 تھنڈر کی کامرہ میں تیاری سے پاکستان جدید لڑاکا طیارے بنانے والے ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ڈیڑھ سو جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے تیار کرنے کا سمجھوتہ ہوا ہے اور انہیں پاکستان کے حوالے کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر اس طیارے کو ایٹمی اسلحہ جیسے غیر روایتی ہتھیاروں سے بھی لیس کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہاکہ رواں سال مشترکہ طور پر تیار کردہ چھ سے آٹھ مزید جے ایف تھنڈر طیارے پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل کر لیے جائیں گے ائر چیف مارشل تنویر محمود نے کہا کہ پاک فضائیہ کیلئے چین کی اشتراک سے 150 جے ایف 17 طیارے بنائے جائیں گے اور طیاروں کی کمرشل پیداوار سال 2010ء کے بعد شروع ہو گی-