پاکستان اور زمبابوے کے درمیان چوتھا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ (کل)کھیلا جائے گا، پاکستان نے چوتھے میچ کیلئے 14 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے

منگل 29 جنوری 2008 14:51

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین29 جنوری2008 ) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ بدھ سے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں شروع ہوگا۔ میچ کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور دونوں ٹیموں کے لیئے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم کی تزئین وآرائش اور گراؤنڈ اور وکٹ کی تیاریوں کا کام بھی مکمل کر لیا گیاہے اور دونوں ٹیمیں اس میچ میں شرکت کیلئے فیصل آباد پہنچ چکی ہیں جہاں انہوں نے منگل کے روز نیٹ پریکٹس کی۔

پانچ میچوں کی سیریز میں میزبان پاکستان کرکٹ ٹیم کو 3-0 سے برتری حاصل ہے اور ملتان میں کھیلا جانے والا سیریز کا تیسرا میچ جیت کر قومی کرکٹ ٹیم سیریزسیریز اپنے نام کر چکی ہے اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعب ملک پرعزم ہیں کہ ان کی ٹیم سیریز کے آخری دو ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ بھی جیت کر سیریز میں کلین سوئپ کرے گی۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز کے دوران نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیاہے تاکہ انہیں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا تجربہ حاصل ہو سکے اور یہ تجربہ کافی کامیاب رہا ہے۔

انہوں نوجوان کھلاڑیوں بالخصوص ناصر جمشید کے کھیل کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس ٹیلنٹ سے استفادہ کیا جائے۔ شعب ملک نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے کرکٹ سیریز میں ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام کھلاڑی مزید بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے باقی میچ جیت کر سیریز میں کلین سوئپ کریں گے۔

واضح رہے کہ سیریز کا پانچواں اور آخری میچ دو فروری کو شیخوپورہ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کے خلاف فیصل آباد میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ کیلئے 14 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے اور سلمان بٹ، کامران اکمل، یاسر عرفات اورراؤ افتخار کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے جبکہ تین نئے کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ چوتھے میچ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم شعیب ملک(کپتان)، ناصر جمشید، یونس خان، محمد یوسف، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، اکمران حسین، سہیل خان، خالد لطیف، خرم منظور، مصباح الحق، فواد عالم، سرفراز احمد(وکٹ کیپر) اور وہاب ریاض پر مشتمل ہے۔

متعلقہ عنوان :