ق لیگ انتخابات میں کامیابی کے بعد برسراقتدار آ کر صدر مشرف کے ہاتھ مضبو ط کرے گی ۔پرویز الہی

پیر 4 فروری 2008 12:11

خیرپور ٹامیوالی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین04 فروری2008 ) سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ اس بار بھی مسلم لیگ ق بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوبارہ اقتدار میں آ کر صدر مشرف کے ہاتھ مضبوط کرے گی-بھگوڑے ملک چھوڑ کر دوبارہ فرار ہو جائیں گے اور مسٹر ٹین پرسنٹ اپنی کرپشن کے نیچے دب جائیں گے- ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ضلعی نائب ناظم بہاولپور اور خیرپورٹامیوالی سے امیدوار صوبائی اسمبلی سید عرفان احمد گردیزی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفود سے کیا- انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری اقتدار کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں اور صدر پرویز مشرف کے خلاف زبان درازی سے باز آ جائیں وگرنہ مسلم لیگ ان کا بھرپور طریقہ سے محاسبہ کرنے پر مجبور ہو جائے گی-انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق نے ملک اور عوام کی خدمت کی ہے اور پاکستان بھر میں دہشت گردی کا خاتمہ کرتے ہوئے سڑکوں بجلی‘ٹیلی فون کا جال بچھا دیا ہے ہمارے دور میں آٹا مہنگا نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

اور نہ ہی خوردنی اشیاء کی قیمتیں بڑھی ہیں ہم نے پنجاب میں تعلیم مفت کی اور پڑھا لکھا پنجاب بنایا- ہمارے اوپر الزام لگانے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں ان کے دور میں لوگوں نے خود سوزیاں کیں اور انہوں نے صدر پرویز مشرف جو اس وقت چیف آف آرمی سٹاف تھے ان کا طیارہ اغواء کرایا- عدالتوں پر حملے کرائے اور میڈیا پر پابندی عائد کی جعلی پولیس مقابلوں درجنوں بے گناہ افراد قتل کرائے جب اقتدار سے اترے تو معاہدہ کر کے فرار ہو گئے- چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ ہم نے ملک کی گرتی ہوئی ساکھ کو سنبھالا اور صدر پرویز مشرف کی قیادت میں چلتے ہوئے اس ملک کو سرسبز و شاداب بنایا اور ہر طرح کے چیلنجوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا- انہو ں نے کہا کہ غلطیاں ہر انسان سے ہوتی ہیں فرشتے ہم بھی نہیں ہم انشاء اللہ دوبارہ اقتدار میں آ کر اپنی غلطیوں کا ازالہ کریں گے-انہوں نے کہا کہ یہ سولہ کروڑ عوام کا پاکستان مسلم لیگ کا پاکستان ہے پاکستان کی اصل وارث جماعت قائداعظم لیگ ہے اور انشاء اللہ عوام ہمیں بھرپور پذیرائی دیں گے انہوں نے کہا کہ ہم عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ دوبارہ اقتدار میں آ کر غریبی مٹا دیں گے اور غربت و افلاس کا خاتمہ کر دیں گے انہو ں نے کہا کہ صدر مشرف ایماندار اور سچے پاکستانی ہیں جو اس ملک کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں اور پاکستان کو انتہا پسندوں سے پاک کرنا چاہتے ہیں انہو ں نے کہا کہ پاکستانی عوام 18فروری کو سائیکل پر مہر لگا کر اپنے سچے مسلمان اور مسلم لیگی ہونے کا ثبوت دیں اس وفود میں ملک ارشاد حسین ننگانہ‘ ملک خضر حیات ننگانہ‘ چیئرمین ضلعی زکواة کمیٹی بہاولپور ملک احمد نواز ننگانہ‘ مفتی عبدالمجید و دیگر کارکنان بھی شامل تھے -