سابق عسکری قیادت کا احتجاج تیسرے مرحلے میں داخل‘ اہم اجلاس کل طلب‘ ائرمارشل (ر) نور خان صدارت کریں گے۔اجلاس کے اختتام پر سابق جرنیل صدر مشرف کی پالیسیوں کے خلاف مظاہر ہ اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گے‘جنرل (ر) حمید گل

پیر 4 فروری 2008 14:08

سابق عسکری قیادت کا احتجاج تیسرے مرحلے میں داخل‘ اہم اجلاس کل طلب‘ ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین04 فروری2008 ) تینوں مسلح افواج کے سابق سروسز چیفس‘ائرمارشل‘ ایڈمرل‘ کور کمانڈروں‘سینئر جرنیلوں اور ریٹائرڈ جوانوں کا تیسرا اہم اجلاس 5 فروری کو راولپنڈی میں طلب کر لیا گیا ہے- جس کی صدارت ائیرچیف مارشل (ر) نور خان کریں گے- اجلاس کے اختتام پر سابقہ فوجی سربراہان ‘کور کمانڈرز‘سینئرریٹائرڈ جرنیل کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار ‘انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گے اور اس احتجاجی مظاہرے کے دوران وہ صدر پرویز مشرف کی پالیسیوں کے خلاف بھی آواز بلند کریں گے اور ان سے مستعفی ہونے کے مطالبے کو پھر دوہرایا جائے گا-سابقہ فوجیوں کی تنظیم کا احتجاجی مرحلہ تیسرے دور میں داخل ہو گیا ہے-اس سلسلے میں این این آئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے کہا کہ سابقہ فوجی افسران اور جوان آج 5 فروری کو یوم کشمیر پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے تنظیم کا خصوصی اجلاس منگل کو دوپہر دو بجے راولپنڈی مال روڈ پر مقامی ہوٹل میں طلب کر لیا گیا ہے اور اس اہم اجلاس کی صدارت قومی ہیرو ائرمارشل (ر) نور خان کریں گے اور اجلاس میں سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل مرزا اسلم بیگ‘ جنرل ریٹائرڈ فیض علی چشتی‘ جنرل ریٹائرڈ جمشید گلزار کیانی‘ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم ‘جنرل ریٹائرڈ علی قلی خان‘ آزاد کشمیر کے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ محمد انور خان سمیت تینوں مسلح افواج کے سینئر جرنیلوں کمانڈروں اور جوانو ں کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی اور سابقہ فوجیوں کے اس تیسرے اہم اجلاس کے دعوت نامے جاری کر دیئے گئے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے کہا کہ اس خصوصی اجلاس کی صدارت ائیر چیف مارشل ریٹائرڈ نور خان کریں گے اور سابقہ فوجی قیادت اس اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اہم خطاب کرے گی اور کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے والے حکمرانوں کی پالیسیوں پر اپنا موقف پیش کریں گے انہوں نے کہا کہ سابقہ فوجی اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں کہ صدر مشرف ملک اور قوم کے وسیع تر مفاد میں فوری طور پر مستعفی ہو جائیں اور ہمارا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک صدر مشرف اقتدار سے الگ نہیں ہوتے اور ہماری تحریک کامیابی سے ہمکنار ہو گی انہوں نے کہا کہ صدر مشرف کے مستعفی ہونے کے مطالبے سے سابقہ فوجی دستبردار نہیں ہوں گے اور یہ مطالبہ ملک اور قوم کے وسیع مفاد میں ہم لوگ کررہے ہیں اور یہ آواز ملک کے 16 کروڑ عوام کی ہے- انہوں نے کہا کہ اجلاس کے اختتام پر سابقہ عسکری قیادت افسران اور جوان کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائیں گے اور یہ اجلاس تین گھنٹے تک جاری رہے گا جس میں سابقہ فوجی افسران کشمیر کی آزادی کے حوالے سے اہم خطاب کریں گے اور ان عوام کو بھی آشکار کریں گے جن کے ذریعے حکمرانوں نے کشمیر کاز کو نہ صرف پامال کیا بلکہ کشمیر ایشو پر یو ٹرن لے لیا-ایک سوال کے جواب میں جنرل حمید گل نے بتایا کہ یہ اجلاس میڈیا کیلئے اوپن فورم کی حیثیت رکھتا ہے تمام میڈیا اجلاس کی مکمل طور پر کوریج کر سکے گا جس کیلئے خصوصی انتظامات بھی کئے گئے ہیں پریس کیلئے ہمارے اجلاس میں کوئی پابندی ہو گی-

متعلقہ عنوان :