پاکستان نے حتف 6شاہین ٹوبیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔دفاعی ضروریات کو پورا کر نامنتخب حکومت کی اولین ترجیح ہوگی ۔ یوسف رضا گیلانی ۔۔۔صدر اور وزیر اعظم کی قوم اور سائنسدانوں کو کامیاب تجربہ پر مبارکباد

ہفتہ 19 اپریل 2008 11:16

پاکستان نے حتف 6شاہین ٹوبیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔دفاعی ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین19اپریل 2008 ) پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کر نے والے حتف چھ شاہین ٹو بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا، میزائل 2000کلو میٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا نے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ہفتہ کو حتف 6شاہین ٹو بیلسٹک میزائل کا میاب تجربہ کیا ۔میزائل ہر قسم کے جوہری اورروایتی ہتھیاروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

حتف چھ شاہین ٹو بیلسٹک میزائل زمین سے زمین تک اپنے ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے ۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی  چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید وزیر دفاع احمد مختار  قومی سائنسدا ن اوراعلیٰ فوجی حکام بھی اس موقع موجود تھے ۔صدر پرویز مشرف اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے قوم سائنسدانوں اور انجینئروں کوکامیاب تجربہ کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ حکومت ملکی دفاع کو کبھی نظر انداز نہیں کرے گی اور ہر طرح کی دفاعی ضروریات کوپورا کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ دفاعی ضروریات کو پورا کر نامنتخب حکومت کی اولین ترجیح ہوگی اور ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنایا جائیگا ۔ پاکستان کے پاس اس وقت شاہین غزنوی اور غوری میزائل سمیت مختلف قسم کے بیلسٹک میزائل موجود ہیں ۔ شاہین سات سو کلو میٹر اور غوری تیرہ سو کلو میٹر تک اپنے اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں ۔ واضح رہے کہ نئی حکومت کا اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد یہ پہلا میزائل تجربہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :