پاکستانی کرکٹرز غیرملکی دوروں میں ان لوگوں سے دور رہیں جنہیں وہ نہ جانتے ہوں،آئی سی سی

پیر 21 اپریل 2008 12:28

پاکستانی کرکٹرز غیرملکی دوروں میں ان لوگوں سے دور رہیں جنہیں وہ نہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل۔2008ء) آئی سی سی نے پاکستانی کرکٹرز کو غیرملکی دوروں میں ایسے لوگوں سے دور رہنے کے لیے کہا ہے جنہیں وہ نہ جانتے ہوں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی نے بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں پاکستانی کرکٹرز یونس خان دانش کنیریا اور عمرگل سے پوچھ گچھ کے لیے پاکستان آنے والے اینٹی کرپشن یونٹ کے افسر نے مستقبل میں پاکستانی کرکٹرز کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ کسی مشکل میں گرفتار نہ ہوجائیں۔

انھوں نے کہا کہ چونکہ پاکستانی کرکٹرز سے ہونے والی پوچھ گچھ کسی الزام کے تحت نہیں تھی بلکہ اس کا مقصد معلومات حاصل کرنا تھا لہذا پاکستان کرکٹ بورڈ ان کرکٹرز کیخلاف اپنی کوئی تحقیقات کرانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان آنے والے آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے افسر کے پاس ایسی تصاویر تھیں جن میں پاکستانی کرکٹرز گزشتہ سال بھارت میں ہونے والی کسی تقریب میں شریک تھے اور ان کے ساتھ ایک ایسا شخص بھی تھا جو اینٹی کرپشن یونٹ کی نظروں میں مشکوک ہے۔

پاکستانی کرکٹرز کا یہ کہنا تھا کہ وہ عام طور پر تقریبات میں کئی لوگوں سے ملتے ہیں جنہیں وہ نہیں جانتے اور وہ پرستار ان کے ساتھ تصاویر بنواتے ہیں۔ بھارت میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی اور پھر ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے موقع پر پاکستانی کرکٹرز بہت زیادہ سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں مصروف رہے تھے جن میں دیوالی منانا، فلموں کے شوز میں جانا اور دیگر تقریبات شامل تھیں۔