ایچ ای سی نے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ کو آئی ٹی کی سہولیات فراہم کردیں

جمعرات 24 اپریل 2008 17:53

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین24اپریل 2008 ) ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایک حالیہ منصوبے کے تحت سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ کے تمام شعبوں کو آئی ٹی کی تمام سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں اور اب یہ یونیورسٹی نہ صرف اپنے شعبہ جات بلکہ ملک بھر کی دوسری جامعات کے ساتھ بھی براہ راست منسلک ہوگئی ہے - ایچ ای سی کے اس منصوبے کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ دوسری جامعات کی طرح کوئٹہ کی تمام جامعات کو بھی فائبر لنک کی تمام تر سہولیات سے لیس کیا جائے - منصوبے کے تحت ویمن یونیورسٹی کو جدید ترین کمپیوٹر ، پرنٹر ، سکینرز بشمول انٹرنیٹ کنیکشن فراہم کر دےئے گئے ہیں جوکہ یونیورسٹی کے تمام تعلیمی ، تدریسی اور انتظامی شعبوں میں نصب کر دےئے گئے ہیں تاکہ انہیں تیز اور آسان ترین رسائی کیلئے کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے-منصوبے کے تحت جامعہ میں ایک مرکزی نیٹ ورک بھی قائم کیا گیا ہے جوکہ براہ راست وائس چانسلر اور رجسٹرار کے دفتروں ، کمپیوٹر لیبارٹریوں اور تعلیمی شعبہ جات کے ساتھ منسلک ہے - اس نیٹ ورک میں ڈیٹا سنٹر کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ۲۸۰۰ سیریز روٹر ، ۴۵۰۰ سیریز کور سوئچ ، فکس فائر وال اور متعدد جدید ترین تکنیکی سہولیات موجود ہیں - اس سنٹر کے تحت کم و بیش چار سو افراد بیک وقت آن لائن ہوسکتے ہیں - علاوہ ازیں اس منصوبے کے تحت جامعہ میں تمام تر جدید آلات سے مزین چار کمپیوٹر لیبارٹیاں بھی قائم کی گئی ہیں تاکہ طالبات ، اساتذہ اور محقیقین کو جدید ترین تربیتی مواقع حاصل ہوسکیں - مذکورہ منصوبے کے تحت جامعہ کی طالبات اساتذہ اور محقیقین ایچ ای سی کی ڈیجیٹل لائبریری سے بھی بھر پور استفادہ کر سکیں گی ، جس کی بدولت وہ اپنی علمی اور تحقیقی استعداد میں بھی خاطر خواہ اضافہ بھی کرسکیں گی - منصوبے کے تحت جامعہ کیلئے ویڈیو کانفرنسنگ کی ٹیکنالوجی فراہم کی گئی ہے - کوشش کی جا رہی ہے کہ مستقبل میں تمام تر جامعات کو خلائی سیٹلائٹ پاک سیٹ ون کے ساتھ منسلک کر دیا جائے تاکہ وہ دنیا بھر میں رونما ہونے والی علمی کاوشوں سے بغیر کسی تردد کے مستفید ہوسکیں - اس کے لئے اسی منصوبے کے تحت ایچ ای سی کی جانب سے جامعہ کی اساتذہ، طالبات اور انتظامیہ کے لئے ایک تربیتی پروگرام بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ اساتذہ، طالبات اور انتظامیہ سے منسلک جدید آلات کے استعمال کے دوران دقت محسوس نہ کریں -