مردان ،خود کش حملہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی،مردان خود کش حملہ ڈمہ ڈولا میزائل حملہ کا جواب ہے،مقامی طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی

پیر 19 مئی 2008 18:26

مردان ،خود کش حملہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ ادا کر ..
مردان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مئی۔2008ء) مردان میں پنجاب ریجمنٹل سینٹر کے قریب آرمی کی بیکری میں ہونے والے خود کش حملہ کی ذمہ داری مقامی طالبان نے قبول کر لی ہے جبکہ حملہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔خودکش حملے میں چار سیکورٹی اہلکاروں سمیت تیرہ افراد جاں بحق اوربیس سے زائد زخمی ہو گئے تھے ۔ اسپتال زرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاں بحق ہونے والوں کے لئے ایک لاکھ اور زخمیوں کے لئے پچاس ہزار روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے حملہ آور کا سر اور ٹانگیں بر آمد کر کے نا معلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔سیکورٹی زرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آورکی عمر بیس سے بائیس برس کے درمیان ہے ۔

(جاری ہے)

واقعے کے باعث مردان میں خوف و حراس کی فضا طاری ہے ۔

مقامی طالبان نے مردان میں ہونے والے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے مقامی طالبان کمانڈر مولوی عمر نے پشاور میں غیرملکی خبررساں ادارے سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مردان کے پی آر سی مارکیٹ میں ہونے والا خود کش حملہ شمالی علاقہ باجوڑ میں ڈمہ ڈولا میں ہونے والے امریکی میزائل حملے کا بدلہ ہے انہوں نے کہا کہ مردان میں تحریک طلابان کے مقامی لیڈروں نے انہیں فون کرکے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان قبائلیوں کے خلاف ایسی کارروائیوں کو روکے کیونکہ حکومت اورطالبان کے درمیان مذاکرات ہورہے ہیں اور ایسی کارروائیوں سے مذاکرات کو شدید دھچکا لگ سکتا ہے واضح رہے کہ اتوار کے روز مردان میں ہونے والے خود کش دھماکے میں 13 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :