ملک میں غیریقینی صورتحال کا خاتمہ صرف مشرف کے استعفے‘ ججوں کی بحالی اورڈاکٹر قدیر خان کی آزادی سے ہوسکتا ہے ، رانا ثناء اللہ

اتوار 8 جون 2008 20:12

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین08جون2008 ) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ ملک میں غیریقینی صورتحال کا خاتمہ صرف مشرف کے استعفے‘ ججوں کی بحالی اور ایٹمی سائنس دان قدیر خان کی آزادی سے ہوسکتا ہے مشرف مافیا نے ملک کو آٹھ سالوں کے دوران دھماکوں اور فاقوں کے سوا کچھ نہیں دیا جمہوریت اور مشرف ایک ساتھ نہیں چل سکتے  کارگل وزیرستان بلوچستان اور جامعہ حفصہ کے واقعات کی عدالتی انکوائری کے ذریعے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانا پوری قوم کا مطالبہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز ی تنظیم الغفاری کے مرکزی دفتر سمن آباد میں عہدیداروں کارکنوں اور معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مرکزی تنظیم الغفاری کے سرپرست اکرم حسین غفاری ‘سٹی سرپرست حاجی شمشاد علی ‘ سٹی صدر شکیل انجم غفاری ‘شفیق غفاری ‘چچا نور غفاری ‘طاہر پرویز غفاری ‘مختار غفاری ‘شہباز احمد غفاری ‘فقیر حسین غفاری ‘مجیدا پہلوان غفاری ‘منیر غفاری ‘چچا شریف فوجی کے علاوہ تنظیم الغفاری پی پی ۷۰ کے عہدیداروں و اراکین نے کثیر تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم نے جس طرح اٹھارہ فروری کو مشرف اور ان کے حواریوں کے خلاف فیصلہ دیا ضمنی انتخابات بھی اسی کا تسلسل ہوں گے قوم بہتر جان چکی ہے کہ کون ان کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے اور کون صرف پوائنٹ سکورنگ میں لگا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ماضی میں بھی ہمیشہ ملکی اور قومی مفادات کو بالاتر رکھا ہے اور میاں نواز شریف نے تمام تر دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جس طرح ایٹمی دھماکے کئے اس سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا انہوں نے کہا کہ قومی اور ملکی مفادات کے نام پر گزشتہ نو سالوں میں جس طرح قوم کے مسائل سے ایک اور ملک کو خطرات سے دوچار کیا گیا اس سے قوم کی آنکھیں کھل گئی ہیں یہی وجہ ہے کہ آج قوم باشعور ہوچکی ہے اور اس نے جس طرح اٹھارہ فروری کو بیداری کا ثبوت دیا ہے اور وہ آج اپنے حقوق کے لئے سڑکوں پر آچکی ہے اور حقوق ملنے تک وہ چین سے نہیں بیٹھے گی۔