پرویز مشرف کے دن گنے جا چکے ہیں ان کو مواخذے سے کوئی نہیں بچا سکتا‘ججز ہر صورت بحال ہوں گے‘ججز کی بحالی سے ملک میں انصاف کا بول بالاہو گا،شہباز شریف

بدھ 18 جون 2008 12:57

خیرپورٹامیوالی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 18جون 2008ء) وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے دن اب گنے جا چکے ہیں اب ان کو مواخذے سے کوئی نہیں بچا سکتا-ان کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک آج خطرناک دوراہے پر کھڑا ہے -ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیرپورٹامیوالی کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا- انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی غلط پالیسیوں نے پاکستان کو خطرناک دوراہے پر لا کھڑا کیا ہے پاکستان کی معیشت شدید بحران کا شکار ہے اس ملک کو واپس اپنی جگہ پر لانا کئی سالوں کا کام ہے انہوں نے کہا کہ ججز ہر صورت بحال ہوں گے اور اس کے لئے ہمیں جو بھی قربانی دینی پڑے گی گریز نہیں کریں گے- ججز کی بحالی پر ملک میں انصاف کا بول بالاہو گا اور پاکستان کی عوام کو ایک نیا پاکستان ملے گا- انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں جو بجٹ دیا ہے اس سے عوام کو ریلیف ملے گا اور ہم عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی محکموں میں کارکنوں کو عزت دی جائے اگر کسی بھی محکمہ کے افسر کے خلاف شکایات موصول ہوئی تو اس کا کڑا احتساب کیا جائے گا- وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ہمارے پیپلزپارٹی سے کوئی اختلافات نہیں ہیں -پیپلزپارٹی سے اتحاد قائم رہے گا- انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں جس مظلوم کے ساتھ زیادتی ہو گی یا اسے انصاف نہیں ملے گا اس علاقے کا تھانیدار اپنے آپ کو معطل سمجھے -انہوں نے کہا کہ آئین توڑنے والے جرنیلوں پر مقدمہ نہ بنایا گیا تو آمروں کو موقع ملتا رہے گا- انہوں نے کہا کہ میں جلد ہی تھانوں میں خفیہ چھاپے ماروں گا اور عوا کو ان کی دہلیز پر سستا انصاف فراہم کروں گا- انہوں نے کہا کہ بہاولپور کی محرومیاں ختم کرنے کیلئے پنجاب حکومت اہم اقدامات کرر ہی ہے- چولستانی اراضی مقامی باشندوں میں تقسیم کی جائے گی اور پنجاب میں بیروزگاری غربت افلاس کے خاتمے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ صحافی اس معاشرے کی آنکھ کان اور ناک ہیں کرپشن مہنگائی اور ناانصافی کی نشاندہی کریں انہیں ہر قسم کا تحفط حاصل ہو گا اور پنجاب کے تمام افسران اخبارات کی خبروں پر ایکشن لینے کے پابند ہوں گے-انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلی نہیں بلکہ عوام کا خادم ہوں میرے دروازے ہر مظلوم کیلئے کھلے ہیں اگر کسی بھی جگہ خواتین کی عزت و ناموس خراب ہوئی یا پولیس نے مظلوم عورت کی فریاد نہ سنی تو میں محمد بن قاسم کی طرح وہاں پہنچوں گا اور اس علاقے کے تھانیدار کو سخت سزا دی جائے گی- شہباز شریف نے رانا محمد شاہد صدر پریس کلب کی درخواست پر بھی سخت ایکشن لیا اور آر پی او بہاولپور کو پریس کلب خیرپورٹامیوالی غبن کیس کے ملزمان کی فی الفورگرفتاری کا حکم دیا -