راشن الاؤنس میں اضافہ،وزیراعظم نے پولیس اہلکاروں کے بچوں کو مفت اعلی تعلیم دینے کی منظوری دیدی

اتوار 22 جون 2008 16:28

راشن الاؤنس میں اضافہ،وزیراعظم نے پولیس اہلکاروں کے بچوں کو مفت اعلی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین22جون2008 ) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پولیس اہلکاروں کے بچوں کومفت اعلی تعلیم دینے کی منظوری دے دی ہے جبکہ پولیس سمیت دیگر سول فورسز کے جوانوں کاراشن الاؤنس 380سے بڑھا کر830 روپے کردیا ہے جبکہ خواتین پر تشدد روکنے اورانہیں معاشرے میں اعلی مقام دلوانے کیلئے جینڈر کرائم سنٹر قائم کردیاگیا ہے اسلام آباد ،سندھ اور صوبہ سرحد کی پولیس میں32500نئی بھرتیاں کی جائیں گی یہ بات نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل طارق محمد کھوسہ نے این این آئی کو بتائی انہوں نے بتایا کہ پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے وسیع پیمانے پر اقدامات کیے جارہے ہیں وزیراعظم نے ابتدائی طورپر ہماری دوسمریاں منظور کی ہیں جن میں جونیئر کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک تک کے افسر کے بچوں کی اعلی تعلیم فری کردی گئی ہے اب پولیس اہلکاروں کے بچے ملک کی کسی بھی میڈیکل ،انجینئرنگ اور آئی ٹی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرسکیں گے اور ان کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی، دوسری سمری پولیس اہلکاروں کا راشن الاؤنس بڑھانے سے متعلق تھی اب پولیس سمیت ملک کی تمام سول فورسز کے جوانوں کو پنجاب پولیس کے برابر830روپے راشن الاؤنس ملا کرے گا طارق کھوسہ نے بتایا سال2008-09 کے بجٹ میں32500 افراد کوپولیس بھی بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس کے مطابق اسلام آباد پولیس میں10 ہزار ،سندھ میں15 ہزار اورسرحد میں7500افراد بھرتی کیے جائیں گے اور یہ بھرتیاں دوسال کے اندردومرحلوں میں مکمل کی جائیں گی خواتین پر تشدد کے حوالے سے این این آئی کی طرف سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ خواتین سے متعلقہ تمام ایشوز کو ڈیل کرنے کیلئے”جینڈرکرائم سنٹر“قائم کردیا گیا ہے جس کی نگرانی ڈی آئی جی رینک کا افسر کرے گا وفاق اور تمام صوبوں سے اس سنٹر کے ممبررکھے گئے ہیں جو آپس میں کورآرڈینیشن کرنے کے علاوہ ہر دوماہ بعد ایک مرکزی میٹنگ منعقد کیا کریں گے انہوں نے کہا کہ نئی حکومت نے بات چیت کے عمل سے دہشت گردی پر قابو پالیا ہے اور بم دھماکوں میں50 فیصد جبکہ خود کش حملوں میں80 فیصد کمی واقع ہوگئی ہے امید ہے کہ حکومت بہت جلد ملک کے حالات مکمل پرامن کردے گی۔