شدید بارشوں کے باعث راولپنڈی کے نشیبی علاقے بدستور زیر آب، تین افراد جاں بحق، معمولات زندگی شدید متاثر ، جڑواں شہروں میں صورتحال قابو میں ہے ، انتظامیہ

ہفتہ 5 جولائی 2008 16:28

شدید بارشوں کے باعث راولپنڈی کے نشیبی علاقے بدستور زیر آب، تین افراد ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جولائی۔2008ء)اسلام آباداور راولپنڈی میں موسلا دھاربارش کے باعث مختلف حادثات میں ا یک لڑکی سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب جڑواں شہروں کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میں صورتحال قابو میں ہے ۔ نمائندہ کے مطابق اسلام آباد کے علاقے کورنگ ٹاوٴن میں ایک شخص برساتی نالے میں ڈوب گیا۔

راولپنڈی کے علاقے ڈھوک الٰہی بخش میں بارش کلے پانی سے ایک شخص کی لاش ملی ہے ۔ نواحی علاقے کلر سیداں میں تیرہ سالہ لڑکی نالے میں ڈوب گئی۔ موسلا دھار بارشوں کے باعث راولپنڈی کے متعدد نشیبی علاقے اب بھی زیر آب ہیں، اور معمولات زندگی شدید طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں ایک سو پینسٹھ اور راولپنڈی میں ایک سو سڑسٹھ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کو عبور کرچکی ہے ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راول ڈیم میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہوئی ہے تاہم بارش کا سلسلہ تھم جانے کے باعث اسپل وے کھولنے کی نوبت نہیں آئی۔ شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد میں فیصل ایونیو کے ایک پل میں دراڑیں پڑ گئی ہیں جس کے باعث انتظامیہ نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔