پرویز مشرف کی رخصتی اور آزاد عدلیہ کی بحالی میں تاخیر سے ملک کو مزید نقصان ہو رہا ہے ، وفاقی وزیر قانون

جمعہ 11 جولائی 2008 20:36

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین11جولائی2008 ) پرویز مشرف کی رخصتی اور آزاد عدلیہ کی بحالی میں تاخیر سے ملک کو مزید نقصان ہو رہا ہے۔ جس کے ذمہ دار مفاہمت کار راہنما ہیں۔ جب تک افتخار محمد چوہدری کی قیادت میں معزول جج بحال اور ایوان صدر سے قبضہ واگزار نہیں ہوتا ملک میں قانون کی بالادستی، مہنگائی، سازشوں، بدامنی اور کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں۔

مسلم لیگ (ن) عوام کی آواز کو سمجھ رہی ہے اور ان کی ترجمانی کو ہی ترجیح دے گی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں، سابق وموجودہ ارکان اسمبلی اور مقامی راہنماؤں خواجہ محمد اسلام، محمد نواز ملک، میاں عبدالمنان، بیگم خالدہ منصور، شیخ اعجاز احمد، چوہدری محمد شفیق گجر، چوہدری فقیر حسین ڈوگر، مزمل رضا ایڈووکیٹ، سٹی ڈسٹرکٹ کونسل میں لائل گروپ کے قائد رانا آفتاب احمد خاں اور قائمقام جنرل سیکرٹری محمد اکرم خاں نے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے شفاف جمہوریت اور معزول ججوں کی بحالی کے نام پر ووٹ لیے ہیں اس لیے وہ اپنے وعدوں سے انحراف کر کے مصلحت پرستی اختیار نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ایجنٹوں کی موجودگی کی وجہ سے ملک مہنگائی، لوٹ مار، بدامنی اور دیگر بحرانوں کا شکار ہے۔ اگر ان ایجنٹوں کا خاتمہ کر کے ملک کو میثاق جمہوریت کے مطابق چلایا جائے تو ہر قسم کے بحران ختم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء میں شامل ایک مخصوص لابی عدلیہ کی جاری تحریک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے مگر اس لابی کو کامیابی نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی بہترین حکمت عملی سے لوگوں کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے۔