قبائلی علاقوں میں امن کیلئے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، شیری رحمان ۔۔۔ وزیراعظم کے دورہ امریکہ میں ساڑھے 7 ارب ڈالر کے امریکی امدادی پیکج پر بات کی جائے گی ، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 26 جولائی 2008 14:08

قبائلی علاقوں میں امن کیلئے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، شیری ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین26 جولائی2008 ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شیری رحمان نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں امن کیلئے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں،کسی کو حکومتی رٹ چیلنج کرنے اجازت دینگے اور نہ ہی پاکستانی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے دینگے  وزیراعظم کے دورہ امریکہ میں ساڑھے 7 ارب ڈالر کے امریکی امدادی پیکج پر بات کی جائے گی ۔

ہفتہ کو امریکہ روانگی سے قبل چکلالہ ایئر بیس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شیری رحمان نے کہاکہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دورہ امریکہ میں ساڑھے 7 ارب ڈالر کے امریکی امدادی پیکج پر بات چیت کی جائے گی۔ دورے کے دوران وزیراعظم امریکی حکام سے معاشی و اقتصادی تعلقات اور انسداد دہشت گردی پر بات چیت کریں گے۔

(جاری ہے)

شیری رحمان نے کہاکہ تھا کہ وزیراعظم اپنے دورے میں امریکی صدر جارج بش کے علاوہ نائب صدر ڈک چینی، ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار براک اوباما، وزیر خارجہ کونڈو لیزا رائس اور دیگر اعلیٰ امریکی حکام سے ملاقات کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں شیری رحمان نے کہاکہ قبائلی علاقوں میں امن کیلئے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور ہر فیصلہ ان کی مشاورت سے کیا جاتا ہے انہوں نے کہاکہ کسی کو حکومتی رٹ چیلنج کرنے اجازت دینگے اور نہ ہی پاکستانی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے دینگے