معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری وکلاء کنونشن سے خطاب کے لئے ملتان سے بہاولپور روانہ ہوگئے ۔وکلاء اور عوام غیر قانونی اور غیر آئنی اقدامات کو قبول نہیں کریں گے ،بیرسٹر اعتزازاحسن کی ملتان میں پریس کانفرنس

ہفتہ 26 جولائی 2008 14:45

معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری وکلاء کنونشن سے خطاب کے لئے ملتان ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔2008ء) معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سیکڑوں وکلا کے قافلے کے ہمراہ بہاولپور روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ وکلا کنونشن سے خطاب کریں گے ۔ ملتان سے روانگی کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے ملتان بار سے خطاب میں جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہنا تھا کہ خوفزدہ جج آزاد اور منصفانہ فیصلے نہیں کرسکتا ۔

عدلیہ کے کھنڈرات پر پائیدار پارلیمنٹ کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ نہ ہونے کی صورت میں شہری انصاف کے لئے دوسرا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں، جبکہ ارکان پارلیمنٹ آئین اور قانون سے ماورا نہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی جمہوری نظام آزاد عدلیہ کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا اور اس کے وجود کو ہر وقت خطرہ رہتا ہے ۔