کوئی بھی 58ٹوبی کو نافذ کر کے جمہوریت ختم نہیں کرسکتا،یوسف رضا گیلانی۔۔۔پاکستان کو سویلین نیوکلیئر ٹیکنالوجی دی جائے ،قبائلی علاقوں میں آپریشن کو عوامی حمایت حاصل ہے،وزیراعظم کا تقریب سے خطاب

بدھ 30 جولائی 2008 14:34

کوئی بھی 58ٹوبی کو نافذ کر کے جمہوریت ختم نہیں کرسکتا،یوسف رضا گیلانی۔۔۔پاکستان ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین30 جولائی2008 ) وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں آپریشن کو عوامی حمایت حاصل ہے ، امریکا امتیازی سلوک نہ کرے، پاکستان کو بھی سویلین نیوکلیئر ٹیکنالوجی دی جانی چاہیے،پاکستان علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کے لیے پاکستان کو جدید ہتھیار دیئے جائیں،خودکش حملوں نے پاکستان کو شدید نقصان پہنچایا ہے، کسی کو جرات نہیں کہ وہ 58ٹوبی کو نفاذ کر کے جمہوری حکومت کا خاتمہ کرے، تمام فیصلے اتحادیوں کی مشاورت سے کیے جاتے ہیں ۔

وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے گزشتہ روز واشنگٹن میں کونسل آن فاران ریلیشینز اور مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عسکریت پسندوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے ۔

(جاری ہے)

اور بات چیت صر ف ہتھیار پھینکنے والوں سے ہوگی۔انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں عسکریت پسندوں کیخلاف آپریشن کو عوامی حمایت حاصل ہے ۔اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی اپنی جنگ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی صرف پاکستانی فورسز ہی کریں گی۔انھوں نے کہاکہ امریکا مخالف جذبات امریکا کی جانب سے غیر جمہوری حکومت کو سپورٹ کرنے کی وجہ سے پروان چڑھے ۔ پاکستان علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کے لیے پاکستان کو جدید ہتھیار دیئے جائیں۔انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ ہوچکاہے۔

99 فیصد پاکستانی محب وطن ہیں اور مستحکم اور روشن خیال پاکستان عالمی امن کے لیے انتہائی ضروری ہے۔پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات ہیں اورپاکستان کشمیر سمیت تمام متنازعہ امور کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔ امریکا بھارت کے ساتھ ایٹمی معاہدہ کرسکتا ہے تو پاکستان کیساتھ بھی کرے اورمسئلہ کشمیرکے حل میں کرداراداکیا جائے۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا اگرامریکا یہ سمجھتا ہے کہ پاکستان امن وامان کی صورتحال پر خود قابو نہیں پاسکتا تو وہ غلطی پر ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ آئی ایس آئی ایک منظم ادارہ ہے اورتمام انٹیلی جنس بیوروز اور فوجی حکومت کے ماتحت ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے امریکی کانگریس میں پاکستان کو دئے جانے والا اقتصادی پیکج پیش کر نے کی تعریف کی۔

دریں اثناء پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عوام نے انھیں منڈیٹ دیا ہے اور اگر موقع ملا تو عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائینگے۔انھوں نے کہا کہ 1973کا آئین اصلی شکل میں بحال کیا جائے گا۔اور کسی کو جرات نہیں کہ وہ 58ٹوبی کو نفاذ کر کے جمہوری حکومت کا خاتمہ کرے۔ اگر ھمہیں ایک سال ملا تو ملک میں توانائی سمیت تمام بحرانوں کا خاتمہ کر دینگے اور مہنگائی بے روزگاری کے کاتمے کے لیے جو وعدے کے گئے ہیں انھیں ہر حال میں پورا کیا جا ئیگا ۔

انھوں نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کیا ہے جس میں پیپلز پارٹی نے بڑی قربانیاں دی ہیں ،دہشت گردی کی وجہ سے ہی آج ہم اپنے قائد بے نظیر بھٹو سے محروم ہیں ۔انھوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کو چند مشکلات کا سامنا ہے تاہم اتحادیوں کے ساتھ ملکر تمام چیلنجز کا مقابلہ کر ینگے ۔انھون نے کہا کہ تمام فیصلے اتحادیوں کی مشاورت سے کیے جاتے ہیں اور آیندہ بھی ملکی مفاد میں تمام فیصلے مشاورت سے کیے جائینگے۔انھو ں نے کہا کہ اسلام امن پسند مذھب ہے اسلام دہشت گردی کی بجائے بھائی چارے اور امن کا درس دیتا ہے۔