تحریک طالبان پاکستان نے بیت اللہ محسود اوربھارت تعلقات سے متعلق رحمان ملک کے بیان کومسترد کردیا۔ہم امریکہ کی طرح بھارت کوبھی اپنادشمن سمجھتے ہیں ،مشیر داخلہ کابیان احمقانہ ہے ،مولوی عمر

جمعرات 31 جولائی 2008 18:57

تحریک طالبان پاکستان نے بیت اللہ محسود اوربھارت تعلقات سے متعلق رحمان ..
وانا(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین31 جولائی2008 ) تحریک طالبان پاکستان نے مشیر داخلہ رحمان ملک کے اس بیان کو مسترد کیا ہے جس میں انہوں نے بیت اللہ محسود پر بھارت کے ساتھ تعلقات کا الزام عائد کیا تھا۔ تحریک کے ترجمان مولوی عمر نے غیرملکی خبررساں ادارے سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر داخلہ کے اس بیان پر برہمی کا اظہار کیا جو انہوں نے امریکہ میں صحافیوں سے بات چیت میں دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم جہادی تنظیم ہے نا کہ کوئی اجرتی قاتل ادارہ ہے۔ مولوی عمر نے کہا کہ جس طرح وہ امریکہ کو افغانستان پر غاصب، اور اپنا دشمن سمجھتے ہیں ویسے ہی وہ بھارت کو بھی جانتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت پاکستان میں مداخلت کرتا ہے جو انہیں پسند نہیں۔ ترجمان نے رحمان ملک کے بیان کو احمقانہ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیروں سے مدد مانگنا ان کی سوچ کبھی نہیں ہوسکتی۔