مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے فائرنگ کرکے حریت رہنما شیخ عبدالعزیز اور سات کشمیریوں کو شہیدکردیا۔ حریت کانفرنس کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان ۔ سری نگر میں کرفیو نافذ ۔ پاکستان کی جانب سے واقعہ کی مذمت۔اپ ڈیٹ

پیر 11 اگست 2008 20:47

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے فائرنگ کرکے حریت رہنما شیخ عبدالعزیز ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اگست۔2008ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے فائرنگ کرکے حریت رہنما شیخ عبدالعزیز اور سات کشمیریوں کو شہیدکردیا جبکہ انتظامیہ نے سری نگر میں کرفیو نافذ کردیا ہے ۔ حریت کانفرنس نے اس افسوس ناک صورت حال پر تین روزکے سوگ کا اعلان کر دیا ہے ۔ حکومت پاکستان نے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔ شیخ عبدالعزیز اور سید شبیر شاہ لائن آف کنٹرول کی جانب سیکڑوں کشمیریوں کے مارچ کی قیادت کررہے تھے کہ بھارتی پولیس نے بونیار کے مقام پر ان پر اندھا دھندفائرنگ کردی۔

شیخ عبدالعزیزاور سات افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے ۔ ریلی کی قیادت کرنے والے کشمیری رہنما شبیر شاہ کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا۔ مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ نے شیخ عبدالعزیز کی شہادت پر متوقع احتجاج روکنے کیلئے سری نگر میں کرفیو نافذ کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

آل پارٹیز حریت کانفرنس نے بھارتی پولیس کے اس اقدام پر پورے مقبوضہ کشمیر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے ۔

سید علی شاہ گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی پولیس کی وحشیانہ فائرنگ میں شیخ عبدالعزیز کی شہادت کی شدید مذمت کی ہے ۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے کشمیر کی جدوجہد آزادی کے لئے قربانی دی ہے ۔ پوری کشمیری قوم غم میں ڈوبی ہوئی اوران کی شہادت پر صف ماتم بچھ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے حریت کانفرنس کی تشکیل میں بھی قابل قدر کردار ادا کیا۔

وزیر اعظم سید یوسف رضاگیلانی اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی شیخ عبدالعزیز کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے اور ان کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کیاہے ۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر طاقت کے بلاجواز استعمال کی مذمت کرتی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش ہے ۔