صدر پرویز مشرف کا جشن آزادی کے موقع پر قیدیوں کی سزاوٴں میں کمی کا اعلان،عمر قید کے قیدیوں کے قیدیوں کو نوے دن اور دیگر قیدیوں کو پینتالیس دن کی معافی دی جائے گی، معمولی جرائم میں ملوث اٹھارہ سال سے کم عمر قیدیوں کی مکمل سزا معاف ہوگی

پیر 11 اگست 2008 20:48

صدر پرویز مشرف کا جشن آزادی کے موقع پر قیدیوں کی سزاوٴں میں کمی کا اعلان،عمر ..
اسلام آةاد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اگست۔2008ء) صدر مملکت پرویز مشرف نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے مشورے پر جشن آزادی کے موقع پر قیدیوں کی سزاوٴں میں کمی کا اعلان کیا ہے ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے چاروں صوبائی محکمہ داخلہ کے سیکرٹریوں کو بھجوائے گئے حکمنامہ کے مطابق عمر قید کے قیدیوں کی سزا میں نوے دن جبکہ تمام دیگر قیدیوں کی پینتالیس دنوں کی کمی کی گئی ہے ۔

تاہم سزا میں کمی کا اطلاق قتل، جاسوسی، ریاست کے خلاف سرگرمیوں اور دہشت گردی سمیت سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔ اعلان کے مطابق پینسٹھ سال یا اس سے زائد عمر کے ان قیدیوں کی سزا مکمل معاف کردی گئی جو قید کا ایک تہائی حصہ کاٹ چکے ہیں۔اسی طرح ان خواتین قیدیوں کی تمام سزا بھی معاف کر دی گئی جو ساٹھ سال یا اس سے زائد عمر کی ہوں اور ایک تہائی قید پوری کرچکی ہوں۔

(جاری ہے)

دہشت گردی اور قتل کی سنگین وارداتوں کے جرم میں سزا پانے والے معمر قیدیوں کو معافی نہیں دی جائے گی۔ بچوں کے ہمراہ قید کاٹنے والی خواتین قیدیوں کی سزاوٴں میں ایک سال کی کمی کی گئی ہے ۔ اٹھارہ سال سے کم عمر تمام قیدی بچوں کی سزا مکمل معاف کر دی گئی، تاہم قتل کی سنگین وارداتوں بچوں کی سزا معاف نہیں ہوگی۔ حکومتی اعلان کے مطابق تیرہ اگست پر یا اس سے پہلے جنہیں سزائیں ہوئی ہیں وہ سزا میں خصوصی کمی کے مستحق ہوں گے ۔ اعلامیہ میں صوبائی محکمہ داخلہ کے سیکرٹریوں کو فوری مناسب کارروائی کرنے اور ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :