مشرف کے استعفی کے بعد ججوں کی بحالی قائدین کا اخلاقی فرض بن گیا ہے‘جاوید ہاشمی۔۔۔ یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ اللہ تعالی اور عوام کی طاقت کے سامنے کسی بھی فرد واحد کی حیثیت نہیں ہوتی‘میڈیا سے گفتگو

منگل 19 اگست 2008 14:41

مشرف کے استعفی کے بعد ججوں کی بحالی قائدین کا اخلاقی فرض بن گیا ہے‘جاوید ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین19اگست2008 ) پاکستان مسلم (ن)کے سینئر رہنماء مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ مشرف کے استعفی کے بعد ججوں کی بحالی قائدین کا اخلاقی فرض بن گیا ہے- عوام کو انصاف دینے کیلئے پہلے ادارے کو انصاف دینا ہو گا- عوام کی طاقت کے سامنے فرد واحد کی کوئی حیثیت نہیں ہے- مخدوم جاوید ہاشمی نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مشرف کے مستعفی ہونے کے بعد سیاسی قائدین کا اخلاقی فرض ہے کہ وہ ججز کو جلد از جلد بحال کریں- انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے بھی کہا کہ جسٹس افتخار چوہدری کے گھر پر پاکستان کا جھنڈا لہرایا جائے گا اور انہیں واپس بحال کیا جائے گا- مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ ہر حال میں عوام کو انصاف و عدل فراہم کیا جائے گا اور یہ وعدہ ضرور پورا کیا جائے گا- انہو ں نے کہا کہ عوام کو انصاف دینے کیلئے ضروری ہے کہ عدلیہ کی جھولی میں پہلے خود انصاف ہو اور انصاف کے علمبردار عدلیہ میں موجود ہوں- صدر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ اللہ تعالی کی طاقت اور عوام کی طاقت کے سامنے کسی بھی فرد واحد کی حیثیت نہیں ہوتی- صدر مشرف کو اپنی طاقت پر بڑا غرور تھا مگر سب خاک میں مل گیا ہے انہوں نے کہا کہ ججوں کی بحالی کا مقصد ایک فرد کی بحالی نہیں بلکہ ادارے کی بحالی ہے-ججز اب بحال ہوں گے تاکہ ملک میں جمہوریت مکمل طور پر یہ بحال ہو سکے-

متعلقہ عنوان :