آصف علی زرداری کا جمہوری اور آئینی طریقے سے انتخاب بحالی جمہوریت کی طرف ایک قدم ہے،احسن اقبال۔۔۔مکمل جمہوریت تب بحال ہو گی جب آئین میں سے آمریت کی باقیات کو دور کر دیا جائے گا

منگل 9 ستمبر 2008 21:45

آصف علی زرداری کا جمہوری اور آئینی طریقے سے انتخاب بحالی جمہوریت کی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین09ستمبر2008 ) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احسن اقبال نے کہا ہے کہ کہ آصف علی زرداری کا جمہوری اور آئینی طریقے سے انتخاب بحالی جمہوریت کی طرف ایک اور قدم ہے البتہ مکمل جمہوریت تب حال ہو گی جب آئین میں سے آمریت کی باقیات کو دور کر دیا جائے گا۔منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک میں آئین کی بالادستی،قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور عوام کو غربت، مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے حکومت کی تمام مثبت کوششوں کی حمایت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ججوں کی 2 نومبر والی پوزیشن میں بحالی کے بغیر ملک میں قانون کی حکمرانی کی بالادستی ممکن نہیں اور اب جب کہ پیپلز پارٹی کو صدارت، وزارت عظمیٰ اور تین صوبوں میں حکومتوں کی صورت میں مضبوط ترین اقتدار ملا ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں امید ہے کہ وہ قوم سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے گی اور اور میثاق جمہوریت پر فوری عملدرآمد کیلئے قدم اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام غربت اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور حکومت کو چاہیئے کہ وہ انہیں فوری ریلیف دے۔ چونکہ پٹرول کی عالمی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کا عزم خوش آئند ہے لیکن پاکستانی قوم اسی حل کو قبول کرے گی جو کشمیر کے عوام کے لئے بھی قابل قبول ہو گا۔

چونکہ کشمیر کے عوام نے اپنی آزادی کے لئے گراں قدر قربانیاں دی ہیں۔ لہذا ان کی قربانیاں کو رائیگاں نہیں جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورہندوستان کے درمیان تعلقات کی بحالی علاقے کی ترقی کے لئے ضروری ہے لیکن اس میں قابل ذکر پیش رفت کشمیر کے مسئلے کو حل کئے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مثبت جمہوری کلچر کو فروغ دینے کے لئے مسلم لیگ (ن) اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے گی اور ملک کی دونوں بڑی جماعتوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ باہمی رواداری اور احترام پر مبنی سیاست کو فروغ دے کر ملک میں غیر جمہوری قوتوں کے عزائم کو ناکام بنائیں اور نئے جمہوری کلچر کی بنیاد رکھیں۔