پاکستانی علاقوں میں کارروائی کے لیے پاکستان کی رضا مندی ضروری ہے،برطانیہ

بدھ 17 ستمبر 2008 12:09

پاکستانی علاقوں میں کارروائی کے لیے پاکستان کی رضا مندی ضروری ہے،برطانیہ
اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 17ستمبر 2008ء) برطانوی سیکریٹری قانون جیک سٹرا نے کہا ہے کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے اور پاکستان میں حملوں کے سلسلے میں پاکستان کی رضا مندی ضروری ہے۔جیک سٹرا نے بی بی سی کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور پاکستان درمیان قواعد و ضوابط طے ہیں اور برطانیہ کا موقف یہ ہے کہ حملے پاکستان حکومت کی پیشگی اجازت سے ہونے چاہئیں۔

پاکستان آزاد اور خودمختار ملک ہے اور تمام آزاد ممالک کو اپنی علاقائی خودمختاری کا حق ہے۔ اور امریکی صدر جارج بش نے جولائی میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے ساتھ ملاقات میں یہ بات واضح کی تھی۔برطانوی سیکریٹری قانون نے کہا کہ کئی بار ایسے حملوں کی افادیت نہیں ہوتی قطع نظر کہ اس کی اجازت لی گئی تھی یا نہیں۔

(جاری ہے)

فوجی آپریشن کا مقصد دہشت گرد رہنماوٴں کو ہلاک کرنا ہوتا ہے جن کی وجہ سے پاکستان، افغانستان سمیت دیگر ممالک کو دہشت گردی کا سامنا ہے۔

اور یہ آپریشن عام لوگوں کے فائدے کے لیے ہوں نہ کہ ان کو الٹا نقصان پہنچے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وہ حیرت زدہ ہیں کہ یہ مسئلہ پاکستان کے میڈیا اور جمہوری رہنماوٴں کے لیے کتنا بڑا اور متنازعہ ہو گیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ امریکہ کو پاکستان کے تحفظات کے بارے میں علم ہو گا۔ پاکستان کے پاس بڑے قابل سفارتکار موجود ہیں اور وہ یہ تحفظات واشنگٹن تک پہنچا رہے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ چاہتا ہے کہ پاکستان اور امریکہ اس معاملے کا حل تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں بھی امریکی فوج موجود ہے لیکن وہ حکومت کی رضامندی سے موجود ہے اور قانونی دائرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاص تحفظ یہ ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں سے دہشت گردی کو کیسا روکا جائے۔ اس مسئلے کو اس طرح حل کرنا ہو گا کہ جس سے نقضان نہ ہو اور اس میں اس علاقے کے لوگوں کی رضامندی بھی شامل ہو۔

جیک سٹرا کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کو پاکستان اور امریکی حکومت کو ہی حل کرنا ہے لیکن ایسے معاملات پس پردہ زیادہ بہتر طور پر حل ہو سکتے ہیں۔ جیک سٹرا نے کہا کہ اس معاملے میں برطانوی پالیسی صاف ہے جس کا ذکر برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملیبینڈ نے بھی کیا ہے کہ پاکستا اور امریکہ کو سمجھوتے پر پہنچنا ہو گا۔ دیگر ممالک بشمول امریکہ کی طرح برطانیہ اقوام متحدہ کے تمام ممالک کی آزادی اور خودمختاری پر یقین رکھتا ہے۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا برطانوی فوج پاکستان کے اندر حملوں میں حصہ لے گی تو جیک سٹرا نے کہا کہ قوائد و ضوابط کے مطابق برطانوی افواج افغانستان کی حد تک آپریشن کریں گی۔

متعلقہ عنوان :