باجوز ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی ،مزید 20عسکریت پسند ہلاک، چالیس سے زائد زخمی ۔جاسوس طیاروں کی علاقوں پر پروازیں جاری،سوات میں سیکورٹی فورسز کی رات بھر طالبان کے ٹھکانوں پر گو لہ باری ۔ درہ آدم خیل میں شدت پسندوں نے انڈس ہائی وے پر ایک اور رابطہ پل تباہ کر دیا

بدھ 17 ستمبر 2008 15:15

باجوز ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی ،مزید 20عسکریت پسند ہلاک، ..
باجوڑ/ سوات(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین17ستمبر2008 ) باجوز ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں 20عسکریت پسند ہلاک جبکہ چالیس سے زائد زخمی ہوگئے۔جاسوس طیاروں کی بھی علاقوں پر پروازیں جاری ہیں۔سوات میں سیکورٹی فورسز نے رات بھر مقامی طالبان کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی۔فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے شکئی‘ لوئی سم‘ چہار سنگ اور تحصیل مومند کے علاقوں میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی جس میں 20 عسکریت پسند ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں اور کئی ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے ادھر باجوڑ ایجنسی کے ہیڈکوارٹر خار میں پاک فوج کے تازہ دم دستے پہنچ گئے اور خار اور گردونواح کے علاقوں میں کرفیو نافذ کر کے پاک فوج علاقے میں داخل ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

باجوڑ ایجنسی کے مختلف علاقوں پر جاسوس طیاروں کی پروازیں بھی جاری ہیں۔ عسکریت پسندوں نے لوئی سم میں جھڑپ کے بعد دوبارہ قبضہ کر لیا ہے۔دریں اثناء سوات میں سیکورٹی فورسز نے تحصیل کبل کے علاقے توتانو بانڈائی ،اخوند کلے ،کوٹ لئی میں طالبان کے ٹھکانوں پر گولا باری کی۔کبل کے علاقے توتانو بانڈئی میں سیکورٹی فورسز کے کیمپ پر خودکش حملے کے بعد فورسز کے تازہ دم دستے علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔ کبل میں گذشتہ رات سیکورٹی فورسز کے کیمپ پر خودکش حملے میں تین سیکورٹی اہل کار جاں بحق اور چھ زخمی ہوئے تھے۔مقامی شدت پسندوں نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔تحصیل کبل اور ایوب برج کے علاوہ ضلع بھر میں صبح سات بجے سے شام سات بجے تک کرفیو میں وقفے کا اعلان کیا گیا ہے۔