پاکستانی شدت پسند گروپ بھارت میں دہشت گرد سیل قائم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں،من موہن سنگھ کا الزام

جمعرات 18 ستمبر 2008 15:00

پاکستانی شدت پسند گروپ بھارت میں دہشت گرد سیل قائم کرنے کی کوششیں کر ..
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین18ستمبر2008 ) بھارت کے وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ حکومت کو ایسی خفیہ معلومات حاصل ہوئی ہیں کہ کچھ پاکستانی شدت پسند گروپ بھارت میں دہشت گرد سیل قائم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔من موہن سنگھ نے کہا کہ یہ مسئلہ بہت اہمیت کا حامل ہے اور سرحدوں پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے لیکن مقامی عناصر کے ملوث ہونے کے سبب یہ کام آسان نہیں ہے۔

بھارت کی ریاستوں کے گورنروں سے ایک ملاقات میں انہوں نے کہا ہے کہ ان کی حکومت شدت پسندوں کی طرف سے دہشت گردی کے حملوں سے نمٹنے کے لیے قانون سازی کرنے پر غور کر رہی ہے۔ من موہن سنگھ نے یہ بات دارالحکومت دہلی میں گزشتہ ہفتے ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے پس منظر میں کہی ہے۔ من موہن سنگھ نے مزید کہا کہ ان کی حکومت دہشت گردی کے خلاف قوانین کو سخت کرنے کے بارے میں غور کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شدت پسندوں کے بہت سے حملوں کو ناکام بنا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے پور، بنگلور، احمدآباد، سورت اور دہلی میں ہونے والے بم دھماکوں سے عیاں ہو گیا ہے کہ خیفہ ایجنسیوں کے کام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ بھارت کی حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی انسداد دہشت گردی کے ان سخت قوانین کو دوبارہ لاگو کرنے کی حامی ہے جو اس نے اپنے دورے میں نافذ کئے تھے۔ کانگریس پارٹی نے اقتدار میں آنے کے بعد ان قوانین کو یہ کہہ کر معطل کر دیا تھا کہ یہ قوانین مسلمانوں کو ہراساں کرنے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :