معیشت کو مشکلات کا سامنا رہے گا، صدر بش

اتوار 5 اکتوبر 2008 14:20

معیشت کو مشکلات کا سامنا رہے گا، صدر بش
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین05 اکتوبر2008 )امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں جاری مالیاتی بحران سے نمٹنے کیلئے کانگریس سے 700 ارب ڈالر کے بیل آئوٹ پیکیج کی منظوری کے باوجود ملکی معیشت کو مشکلات کا سامنا رہے گا۔ گذشتہ روز امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر بش نے یہ بات ایوان نمائندگان کی جانب سے بِل کی منظوری کے بعد اس پر دستخط کرنے کے موقع پر کہی۔

صدر بش نے کہا کہ یہ مشکل دور گزرنے میں وقت لگے گا اور اس کیلئے پرعزم کوشش کرنا ہوںگی۔ امریکی ایوانِ نمائندگان نے گذشتہ روز ترمیم شدہ بل منظور کر لیا تھا۔ امریکی سینیٹ پہلے ہی اس بل کو منظور کر چکی ہے۔ بل کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر بش نے کہا کہ یہ امریکی معیشت کے خراب موسم میں بہتری لانے کیلئے نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ اس منصوبے میں حکومتی کردار اور اس کی لاگت کے حوالے سے پائی جانے والی تشویش سے واقف ہیں تاہم ان حالات میں یہ عمل واضح طور پر ضروری تھا۔

یاد رہے کہ ایوانِ نمائندگان نے اس سے پہلے اس بل کو مسترد کردیا تھا اور اس پر اعتراض کیا گیا تھا کہ مالیاتی اداروں کو اس طرح امداد فراہم کر کے بچانا ٹیکس دہندگان کے ساتھ زیادتی ہے۔ ادھر بل کی منظوری کے باوجود نیویارک کے بازارِ حصص میں مندی کا رجحان رہا ہے جبکہ حکومتی اعداد و شمار سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکہ میں ملازتوں کے خاتمہ کی شرح گذشتہ پانچ برس میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے