Live Updates

شہباز شریف نے فیصل آباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ و طویل لوڈشیڈنگ کے نتیجہ میں احتجاجی مظاہرے کا فوری نوٹس لے لیا ۔صوبائی وزیر قانون صورتحال کو معمول پر لانے اور غیر منظم لوڈشیڈنگ کے اسباب کے تدارک کیلئے فیصل آباد پہنچ گئے

بدھ 15 اکتوبر 2008 19:07

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین15 اکتوبر2008 ) وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے فیصل آباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ و طویل لوڈشیڈنگ کے نتیجہ میں تاجروں و مزدوروں کے احتجاجی مظاہرے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں کو صورتحال کو معمول پر لانے اور غیر منظم لوڈشیڈنگ کے اسباب کے تدارک کے لئے فیصل آباد بھیجا۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے گزشتہ رات فیصل آباد پہنچ کر سرکٹ ہاؤس میں ایک اعلی سطحی اجلاس کے دوران رات گئے تک تاجروں ‘ کاروباری برادری اور مزدور رہنماؤں کے لوڈشیڈنگ سے متعلقہ مسائل کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ڈی سی او سعید واہلہ ‘ سی پی او اسلم ترین ‘ اراکین صوبائی اسمبلی خواجہ محمد اسلام ‘ محمد نواز ملک ‘ رانا محمد افضل خاں ‘ ڈاکٹر خالد امتیاز بلوچ ‘ خلیل طاہر سندھو‘ مسز انجم صفدر‘ ڈاکٹر غزالہ رانا ‘سابق رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان ‘ انجمن تاجران ‘ پاور لومز مالکان و تاجر نمائندوں اور مزدور رہنماؤں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

رانا ثناء الله خاں نے کہا کہ اس حقیقت کو تسلیم کرنا چاہئے کہ ملک اس وقت بجلی کے بحران کا شکار ہے اور یہ ایک قومی مسئلہ ہے جس کے حل کے لئے حکومت کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ بجلی کے غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے اسباب پر فوری قابو پا کر طے شدہ شیڈول پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ صنعتکار‘ تاجر ‘ مزدور اور عام شہری بجلی کی بندش سے ہر ممکن حد تک کم سے کم متاثر ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ پر تشدد احتجاجی مظاہرے ‘ ہنگامہ آرائی سے امن عامہ کی صورتحال خراب اور دوسروں کے لئے مشکلات پیدا کرنا ‘ اس مسئلے کا حل نہیں ۔ دستیاب بجلی کی تقسیم کے لئے افہام و تفہیم ‘ دانشمندی اور معاملہ فہمی سے ایسا لائحہ عمل مرتب ہو سکتا ہے جو سب کیلئے قابل قبول ہو۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک مشکلات کا شکار ہے ایسے نازک حالات میں ہڑتالوں مظاہروں اور انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا لہذا صبر و تحمل اور برداشت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے کیونکہ پرامن احتجاج میں ایسے شرپسند عناصر شامل ہو کر بدامنی پھیلانے کا موجب بن سکتے ہیں جو ملک و قوم کے دشمن ہیں ۔

انہوں نے تاجر اور مزدور نمائندوں سے کہا کہ وہ ہڑتالیں یا احتجاجی مظاہرے کرنے کی بجائے اپنے مسائل سے بروقت حکومت و انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کیا جائے اور سڑکوں پر آنے کی نوبت نہ آئے۔ انہوں مزدور لیڈروں ‘فیکٹری مالکان اور تاجروں سے کہاکہ وہ اپنی قومی و پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے ایسے احتجاجی مظاہروں سے اجتناب کریں کیونکہ اس سے کاروبار بری طرح متاثر ہوتا ہے۔

صوبائی وزیر نے بعض دیگر مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے پاورلومز مالکان اور ورکرز کے حل طلب مسائل کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی سیکرٹری انڈسٹریز کو فیصل آباد بھجوایا تھا ان کی رپورٹ کی روشنی میں معاملات کو حل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سیکورٹی سے متعلقہ ورکرز کے مطالبات کے پائیدار حل کیلئے اگر قانون سازی یا رولز میں ترمیم بھی کرنا پڑی تو اس کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔

اجلاس میں ای ڈی او فنانس ڈاکٹر طارق سردار ‘ ڈی او ( کوارڈینیشن ) سید مبشر حسین شاہ ‘ سوشل سیکورٹی کے ڈائریکٹر‘ ڈی او لیبر سید حسنات جاوید ‘ تاجر رہنماؤں شیخ محمد بشیر ‘ خواجہ شاہد رزاق سکا ‘ محمود عالم جٹ و دیگر تاجروں ‘مزدور رہنماؤں اسلم ‘ وفا‘ اسلم معراج اور دیگر نے شرکت کی۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات