پاک افغان سہ فریقی کمیشن اجلاس،تعاون کے فروغ پر اتفاق

بدھ 15 اکتوبر 2008 20:55

پاک افغان سہ فریقی کمیشن اجلاس،تعاون کے فروغ پر اتفاق
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر۔2008ء)پاکستان، افغانستان اور ایساف نے غلط فہمیاں دور کرنے کے لئے باہمی تعاون اور روابط کے فروغ پر اتفاق کر لیا۔ پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کا معاملہ اٹھایا۔ سہ فریقی کمیشن کا چوبیسواں اجلاس راولپنڈی میں ہوا۔ اجلاس میں پاکستان، افغانستان اور اتحادی فوج کے سینئر کمانڈرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاکستانی وفد کی قیادت چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی، افغان وفد کی قیادت وزیر دفاع جنرل بسم اللہ خان نے کی جبکہ افغانستان میں تعینات بین الاقوامی فوج کی نمائندگی جنرل ڈیوڈ میکرن نے کی۔اجلاس میں پاک افغان سرحد کی صورتحال اور جاری آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آپریشنز مزید موثر بنانے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں غلط فہمیاں دور کرنے کے لئے باہمی تعاون، روابط کے فروغ اور علاقے میں امن و استحکام قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاک افغان سرحد کی مشترکہ نگرانی کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان نے امریکا کی طرف سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کا معاملہ بھی اٹھایا۔