کراچی اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں بلوچستان کے زلزلہ زدگان کے لئے امدادی کیمپ لگادیئے گئے

جمعہ 31 اکتوبر 2008 15:12

کراچی اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں بلوچستان کے زلزلہ زدگان کے لئے ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین31کتوبر2008 ) کراچی اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں بلوچستان کے زلزلہ زدگان کے لئے امدادی کیمپ لگادیئے گئے ہیں۔ بلوچستان میں زلزلے کی خبرآتے ہی جہاں سیاسی جماعتوں اور فلاحی اداروں نے امدادی ٹیمیں زلزلہ زدہ علاقوں میں روانہ کیں، وہیں کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی امدادی کیمپس قائم کردیئے گئے۔ امدادی کیمپوں میں عوام زلزلہ زدگان کے لئے گرم کپڑے، غذائی اجناس اور مالی امداد جمع کرارہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لاہور کے پنجاب اسمبلی چوک میں انجمن تاجران مال روڈ کی طرف سے لگائے گئے امدادی کیمپ میں لوگوں نے بلوچستان کے زلزلہ زدگان کے لئے لاکھوں روپے کے گرم کپڑے، دالیں، چاول، خشک دودھ،گھی، چائے کی پتی اور آٹے سمیت دیگر اشیا جمع کرائیں۔ تاجر رہنماوٴں کا کہنا ہے کہ یہ امدادی کیمپ تین روز تک جاری رہے گا۔پنجاب میں خانیوال، ڈیرہ غازی خان، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور شیخوپورہ سمیت کئی شہروں میں عوام نے زلزلے سے متاثر افراد کی امداد کے لئے دل کھول کر عطیات دیئے ہیں۔