تھائی لینڈ میں پارلیمنٹ تحلیل کردی گئی ، آرمی چیف کا انتخابات کرانے کا مطالبہ ۔۔۔مظاہرین نے ایئرپورٹ پر قبضہ کرلیا ، تمام پروازیں منسوخ کردی گئیں ،مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا

بدھ 26 نومبر 2008 15:24

تھائی لینڈ میں پارلیمنٹ تحلیل کردی گئی ، آرمی چیف کا انتخابات کرانے ..
بنکاک(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین26نومبر2008 ) تھائی لینڈ میں حکومت مخالف مظاہرین کی طرف سے ایئرپورٹ پر قبضہ کے بعد پارلیمنٹ تحلیل کردی گئی ہے جبکہ آرمی چیف نے وزیراعظم سے نئے انتخابات کا مطالبہ کیا ہے آرمی چیف نے کہا کہ مظاہرین ایئرپورٹ اور دیگرعلاقوں کاقبضہ چھوڑ دیں ۔فوج اقتدار نہیں سنبھال رہی ہے اقتدار حکومت کے پاس ہی ہے۔قبل ازیں حکومت نے مظاہرین سے مذاکرات کی پیشکش کی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا۔

بدھ کی صبح تھائی لینڈ میں سینکڑوں حکومت مخالف مظاہرین نے بنکاک ائر پورٹ پر دھاوا بول دیا  سینکڑوں فلائیٹس غیر اعلانیہ طور پر منسوخ کردی گئیں اورہزاروں مسافر کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بنکاک ائر پورٹ ایشیا کے چند مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے جہاں سے ہر ایک گھنٹے میں76 سے زائد فلائیٹس کی آمدورفت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت مخالف مظاہرین نے ہوائی اڈے پر دھاوا بول کر چار ارب ڈالر کی لاگت سے تیار کردہ امریکی ٹرمینل کو شدید نقصان بھی پہنچایا۔

مظاہرین کے دھاوے کے بعد ائر پورٹ انتظامیہ نے تمام دفاتر فوری طور پر بند کردئیے ۔تمام پروازیں غیر اعلانیہ طور پر منسوخ کردی گئیں جبکہ فلائیٹ شیڈول اسکرین پر تمام پروازیں معمول کے مطابق ظاہر کی جاتی رہیں۔ اس صورتحال میں بے یارومددگار ہزاروں مسافروں نے معلومات کی عدم فراہمی کے باعث شدیدغم وغصے کا اظہار بھی کیا۔تھائی لینڈ میں حکومت مخالف مظاہرین نے حکومت کے خاتمے کیلیے چھ ماہ سے احتجاجی تحریک شروع کر رکھی ہے تاہم کسی ہوائی اڈے پر ان کا یہ پہلا حملہ ہے۔