قرضہ فراہم کرتے وقت آئی ایم ایف نے دفاعی بجٹ میں کمی کے حوالے سے کوئی شرط عائد نہیں کی ،چوہدری احمد مختار

بدھ 26 نومبر 2008 17:16

قرضہ فراہم کرتے وقت آئی ایم ایف نے دفاعی بجٹ میں کمی کے حوالے سے کوئی ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین26نومبر2008 ) وفاقی وزیر دفاع چوہدری احمد مختار نے کہاہے کہ قرضہ فراہم کرتے وقت آئی ایم ایف نے دفاعی بجٹ میں کمی کے حوالے سے کوئی شرط عائد نہیں کی ۔ پاک افواج اپنا دفاع کرنا جانتی ہیں اور آج ہم اس مقام پر پہنچ گئے جس کا کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا  ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کراچی کے ایکسپو سینٹر میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2008ء کے تیسرے روز پاک فوج کی جانب سے ملحقہ گراؤنڈ میں ٹینکوں الخالد  الضرار اور السعد (آرمڈ پرسونل کیریئر ) کے عملی مشقوں کا مظاہرہ دیکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔

اس موقع پر ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ایاز بھی موجود تھے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ دفاع معیار میں آج ہماری مسلح افواج ایسے مقام پر پہنچ چکی ہے جس کا کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا ۔

(جاری ہے)

ان کامیابیوں پر پاکستان کا سر فخر سے بلند ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی تمام دفاعی مصنوعات کو مزید بہتربنانے کے لئے اقدامات کررہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان او رچین کے اشتراک سے تیار کئے جانے والے جنگی طیارے JF-17 (تھنڈر) کی خریداری میں کئی ممالک نے دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس دفاعی نمائش کے ذریعے متعدد دفاعی سودوں کے معاملے طے پارہے ہیں ۔ نمائش میں کئی ممالک کے وفود شرکت کررہے ہیں اور انہیں پاکستان میں تیار ہونے والی دفاعی مصنوعات میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج ہم کئی دفاعی مصنوعات فروخت کررہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عالمی مالیاتی ادارے نے قرض کی فراہمی کے وقت ملک کے دفاعی بجٹ میں کوئی کڑی شرط عائد نہیں کی ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ دفاعی نمائش سے ملک کی دفاعی صنعت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :