ممبئی میں دہشت گردی کے ہونے والے واقعات عالمی سازش اور بھارت میں علیحدگی کی جاری تحریکوں کا نتیجہ ہو سکتے ہیں ، مسلم لیگ ن

ہفتہ 29 نومبر 2008 19:23

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین29نومبر2008 ) ممبئی میں دہشت گردی کے ہونے والے واقعات عالمی سازش اور بھارت میں علیحدگی کی جاری تحریکوں کا نتیجہ ہو سکتے ہیں ۔ پاکستان پر الزام تراشی قالین کے نیچے گندگی چھپا کر دنیاکو دھوکہ دینے کے مترادف ہے ہم ایٹمی طاقت ہیں ۔ اینٹ کا جواب پتھر سے دے سکتے ہیں ۔ بھارتی دھمکیوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ حکومت پاکستان معذرت خواہانہ رویہ اختیار کرنے اور الزام تراشی سے مرعوب ہونے کی بجائے معاملات کو سنجیدگی اور ان الزامات کو بھارت کے روایتی دشمنی کے تناظر میں دیکھے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سابق و موجودہ ارکان اسمبلی اور رہنماؤں خواجہ محمد اسلام، محمد نواز ملک چوہدری محمد شفیق گجر، بیگم خالدہ منصور، میاں عبدالمنان، شیخ اعجاز احمد، مزمل رضا ایڈووکیٹ پی پی 61 کے رہنما رانا آفتاب احمد خاں اور محمد اکرم خان نے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے 23 صوبوں میں علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں اور عرصہ دراز سے مار دھاڑ اور امن و امان کی صورتحال خراب ہے اس کے باوجود بھارتی حکمران زمینی حقائق کا سامنا کرنے کی بجائے ہمسایہ ممالک پر الزامات عائد کر کے اپنی جان چھڑانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ ممبئی واقعات 9/11 کی طرح شرارت بھی ہو سکتی ہے اس کے بھی اصل مجرم آج تک سامنے نہیں آ سکے بلکہ اس کے بہانے افغانستان اور عراق پر چڑھائی کی گئی اور اب پاکستان امریکی حملوں کا نشانہ بن رہا ہے۔