پشاور میں کار بم دھماکے کے بعدجائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ،دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 34 ہو گئی، مرنے والے پندرہ افراد کی شناخت ہو گئی

ہفتہ 6 دسمبر 2008 14:01

پشاور میں کار بم دھماکے کے بعدجائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6دسمبر۔2008ء) پشاور میں کوچہ رسالدار میں قصہ خوانی بازارکے عقب میں دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہے ،آج صبح ملبے سے مزید نو افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جس کے بعد دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد چونتیس ہوگئی ہے ، دھماکے میں جاں بحق ہونے والے پندرہ افراد کی شناخت ہو گئی ہے ،جن میں سے دس کا تعلق پارہ چنار سے دو کا دیر، سے جبکہ تین کا پشاور سے ہے ۔

(جاری ہے)

ایس پی سٹی اور ریسکیو آپریشن کے انچارج چوہدری اشرف نے بتایا ہے کہ امدادی کارروائیوں میں مزید چوبیس گھنٹے لگ سکتے ہیں، علاقے میں سیکیورٹی سخت ہے اور جائے وقوعہ کی طرف جانے والے تمام راستے خار دار تار اور باڑ لگا کر بند کر دیئے گئے ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ایک سو اڑتالیس زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا ہے ۔ زخمیوں میں دس خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، پندرہ افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔نو افراد کی لاشیں تدفین کے لئے کرم ایجنسی روانہ کردی گئیں، جبکہ آٹھ افراد کی نماز جنازہ حسینیہ ہال میں ہوگی۔ ،بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق اسی کلوگرام وزنی بم ایک ڈبل کیبین گاڑی میں نصب کیاگیاتھاجودھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکہ اتناشدید تھاکہ اس کی آوازپورے شہرمیں سنی گئی۔

متعلقہ عنوان :