کنٹرول لائن کیساتھ ساتھ ریاست جموں و کشمیر میں بھی فوج تیاری کی حالت میں ہے ،جنرل دیپک کپور۔۔ فوج ہمیشہ سے ہی حکومت کے فیصلوں کی تابع رہتی ہے ،ہم ہر کام کیلئے تیار بیٹھے ہیں ،صحافیوں سے گفتگو ۔۔ پاکستان نے سرحدوں پر فوج کی نفری بڑھادی، سرحد پار غیر معمولی نقل و حرکت دیکھ رہے ہیں ،بھارتی فوج کادعویٰ

جمعہ 26 دسمبر 2008 19:17

کنٹرول لائن کیساتھ ساتھ ریاست جموں و کشمیر میں بھی فوج تیاری کی حالت ..
سرینگر (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین26دسمبر2008 ) بھارتی فوج کے سربراہ جنرل دیپک کپور نے کہاہے کہ کنٹرول لائن کے ساتھ ساتھ ریاست جموں و کشمیر میں بھی فوج تیاری کی حالت میں ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ بھارتی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ ملحقہ سرحدوں پر فوج کی نفری میں بھاری اضافہ کر دیا ۔

سیاچن اور کشمیر میں اگلی چوکیوں کا دورہ مکمل کرنے کے بعد جموں میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران جنرل دیپک کپور نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ دنیا کے بلند ترین میدان جنگ میں بھی کٹھن حالات میں فوج چوکس ہے اور وہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دورے کے دوران انہوں نے سیاچن میں فوجی کمانڈروں اور سینئر افسران کے ساتھ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جس کے دوران انہیں بتایا گیا کہ فوج پوری طرح سے چوکنا ہے اور کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیاز بیٹھی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فوج کی تیاری کی حالت میں رہنے پر انہیں کافی خوشی محسوس ہوئی ہے اور آپریشنل تیاریوں کیلئے فوجیوں کے مضبوط ارادوں کو دیکھ کر انہیں حوصلہ ملا ہے۔ انہوں نے سیاچن پر تعینات فوجی کمانڈروں اور اہلکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ فوجی جوان انتہائی مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور ان میں سرحدوں کی نگرانی کرنے کا پورا جوش موجود ہے ۔

جنرل دیپک کپور نے واضح کیا ہے کہ فوج ریاست جموں و کشمیر میں بھی پوری طرح سے الرٹ ہے اور امن و قانون کو بنائے رکھنے کیلئے فوج سے جو بھی خدمات طلب کی جاتی ہیں وہ بحسن خوبی انجام دی جا رہی ہیں ۔کنٹرول لائن پر فوج کی تعیناتی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن پر فوج کی نگرانی پہلے سے ہی کڑی رہتی ہے کیونکہ ہمیں شروع سے ہی دراندازی کا خطرہ رہتا ہے اس لئے کوتاہی برتنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ فوج ہمیشہ سے ہی حکومت کے فیصلوں کی تابع رہتی ہے اور ہم سے جو بھی کام کروایا جائے فوج بالکل تیار بیٹھی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے دورے کے دوران انہوں نے فوج کو تیاریاں جاری رکھنے کی ہدایت دی ہیں اور ان پر یہ واضح کر دیا ہے کہ کسی بھی وقت فوج سے کوئی بھی مددطلب کی جائے یا ملک کی حفاظت کیلئے فوج کو کردار ادا کرنا ہو گا تو انہیں خود کو اس کیلئے تیار رکھنا ہوگا۔

واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ممبئی حملوں کے بعد پیدا شدہ تناوٴکے باعث سرحدوں پر کشیدگی پیدا ہو گئی اور دونوں ممالک کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحدوں پر فوجی جماوٴ شروع کر دیا جبکہ دونوں ممالک کی فضائیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے ۔ ادھر بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ممبئی دھماکوں کے بعد پاکستان نے کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر فوج کی نفری میں بھاری اضافہ کر دیا ہے اور سرحد کے اس پار غیر معمولی نقل و حرکت بھی دیکھی جا رہی ہے جس کی وجہ سے کشیدگی بڑھنے کا احتمال بڑھ گیا ہے۔