محکمہ تعلیم میں ایجوکیٹر ز کی بھرتی میں میرٹ کی بالا دستی کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا  میاں شہباز شریف

ہفتہ 24 جنوری 2009 19:27

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین24جنوری2009 ) وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کے تحت محکمہ تعلیم میں ایجوکیٹر ز کی بھرتی میں میرٹ کی بالا دستی کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا۔ اس سلسلے میں بھرتی کے تمام عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھائی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس بات کا عزم ڈی سی او سعید واہلہ نے اپنے دفتر میں ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ضلعی محکمہ تعلیم کے تحت ایجوکیٹر ز کی تقرری کے لئے متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔

ڈی سی او نے ہدایت کی کہ اساتذہ کی مختلف آسامیوں پر تقرری کے لئے حکومت پنجاب کی میرٹ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کے سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے ۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ بھرتی کے مقررہ طریقہ کار ‘ امیدواروں کی فہرستوں اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں ڈویژنل کمیٹی کو پریزنٹیشن کے بعد درخواست گزاروں کے لئے حتمی شیڈول کا اعلان کیا جائیگا۔