بھارت سری لنکا کے دورہ پاکستان سے خوش نہیں تھا،ویب سائٹ

منگل 3 مارچ 2009 14:34

بھارت سری لنکا کے دورہ پاکستان سے خوش نہیں تھا،ویب سائٹ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مارچ۔2009ء) ایک ویب سائٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے منفی سفارتی سرگرمیوں کے ذریعے سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورے کو منسوخ کروانے کی بھرپور کوشش کی تھی ‘ لیکن اسے ناکام ہوئی ۔ سری لنکا کرکٹ ٹیم نے اس نازک دور میں پاکستان آنے کی دعوت قبول کی تھی ‘ جب بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کا طے شدہ دورہ منسوخ کردیا تھا ‘ اور سری لنکن ٹیم نے خیر سگالی جذبے کے تحت پاکستان کے ساتھ ایک روزہ میچز اور ٹیسٹ میچز کھیلنے کی ہامی بھری تھی ۔

لیکن سری لنکن کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کو خاصی مایوسی ہوئی۔ ایک ویب سائٹ کے مطابق بھارت نے پاکستان کے ساتھ سری لنکن ٹیم کے کھیلنے کے فیصلے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا ۔ ۔ اور کوشش کی جاتی رہی کہ کسی طرح سری لنکن کرکٹ ٹیم ‘ پاکستان کا دورہ نہ کرے ‘اس مقصد کے لیے ہی بھارتی بورڈ نے سری لنکن کے ا س دورے کے عین درمیان میں سری لنکا میں پانچ ایک روزہ میچز کھیلنے تک میں رضامندی ظاہر کی ‘ اور پاکستان میں موجود سری لنکن ٹیم ایک روزہ میچز کھیل کر واپس اپنے وطن گئی اور بھارت سے مقابلہ کرنے کے بعد دوبارہ پاکستان آئی۔

(جاری ہے)

بھارتی بورڈ ابتدا سے ہی اس دورے کی مخالفت میں نمایاں رہا۔ جبکہ سری لنکن بورڈ کاکہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کھیلنا ان کی سفارتی پالیسی کا حصہ ہے ۔ یاد رہے کہ آج لاہور لبرٹی مارکیٹ‌ میں سری لنکن ٹیم کو قذافی سٹیڈیم جاتے ہوئے دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا جس میں‌7 کھلاڑی زخمی ہوئے جبکہ ٹیم سکواڈ میں شامل 7 پولیس اہلکار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

متعلقہ عنوان :