سوات میں لڑکی کو کوڑے مانے کا واقعہ غیر اسلامی ہے ‘ پاکستان اور اسلام کو بدنام کیا جارہا ہے، خورشید شاہ

منگل 7 اپریل 2009 14:39

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل ۔2009ء) وفاقی وزیر محنت وافرادی قوت سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ سوات میں لڑکی کو کوڑے مانے کا واقعہ غیر اسلامی ہے اور اس طرح کے واقعات کے ذریعے پاکستان اور اسلام کو بدنام کیا جارہا ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، جو لوگ ایسا کررہے ہیں انہیں اسلام کے بارے میں الف کا پتہ نہیں ہے کہ اسلام میں عورت کا تقدس کیا ہوتا ہے، ”این این آئی“ سے خصوصی بات چیت کررہے تھے، سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔

دہشتگردی اور انتہا پسندی کی واقعات کی وجہ سے پاکستان کے بارے میں یہ کہا جانے لگا ہے کہ یہ دہشت گردوں کی نرسری بن گیا ہے اس لئے تمام سیاستدانوں کو مل کر اس دہشت گردی کے خلاف کام کرنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ سرحد حکومت میں نظام عدل کے حوالے سے معاہدہ کیا ہے لیکن عدل اور اسلام میں اس طرح کے واقعات کی اجازت نہیں ہے، حکومت نے اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لیا ہے ، صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے بھی ہدایت دی ہیں اور اس شرمناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، ہم تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دہشت گردی کے خلاف حکومت کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت کو عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے ، دہشت گردی کے ذریعے ملک کی معیشت کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات کے تحت ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے اور سابقہ مشرف دور سے موجودہ حکومت کے ایک سالہ دور میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے تاہم دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر حکومت کے ساتھ جدوجہد کرنا ہوگی۔

متعلقہ عنوان :