آئندہ بجٹ سے قبل این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے وزیراعظم سے ملاقات کروں گا‘ مشیر خزانہ شوکت ترین

منگل 7 اپریل 2009 14:40

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل ۔2009ء ) وفاقی مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ سے قبل این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کروں گا تاکہ بجٹ سے قبل این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے وزیراعظم سے بات چیت کے بعد آنے والے بجٹ کے ساتھ ساتھ نیا این ایف سی ایوارڈ بھی لایا جائے،دورہ سکھر کے موقع پر ” این این آئی“ سے بات چیت کررہے تھے، ان کے ہمراہ نیشنل بینک پاکستان کے صدر سید علی رضا بھی موجود تھے،مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پاکستان میں گندم کی ضرورت 22 سے ساڑھے22 ملین ٹن ہے اور پیداوار ساڑھے 23 ملین ٹن ہے جس سے ہم ون پلس ہیں افغانستان کو ملا کر ہماری ضرورت 23 ملین ٹن ہے اور اگر24 ملین بھی ہوجائے تو اس سے بھی ہمیں فرق نہیں پڑے گا اور گندم باہر سے منگوانی نہیں پڑے گی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی لائی جائے اس حوالے سے ضلعی سطحوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ مارکیٹوں میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنایا جاسکے اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ممکن ہو، انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے حکمت عملی مرتب کی گئی ہے اور ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں کہ جس سے ملک میں معاشی ،خوشحالی آئے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں چھوٹی انڈسٹری اور کاشتکاروں کو خصوصی طور پر فوکس کیا گیا ہے ، حکومت کی کوشش ہے کہ گراس روٹ لیول پر چھوٹی صنعتیں فعال بنائی جائیں تاکہ بنیادی سطح پر معیشت کو ترقی ملے اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں جبکہ زراعت کے شعبے کی بہتری کیلئے بھی ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ کاشتکاروں خاص طور پر چھوٹے کاشتکاروں کو جس قدر ممکن ہوسکے ریلیف فراہم کیا جائے۔